کٹاس راج میں مذہبی رسومات کی ادائیگی کیلئے 100سے زائد بھارتی ہندو یاتری پاکستان پہنچ گئے

لاہور :ہندو مذہب کے شری کٹاس راج میں مہا شو راتری کی مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے 109ہندو یاتری واہگہ بارڈر کے ذریعے پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق متروکہ وقف املاک بورڈ کے ایڈیشنل سیکرٹری سیف اللہ کھوکھر ، ڈپٹی سیکرٹری عمر جاوید اعوان ممبران پاکستان ہندو مندر مینجمنٹ کمیٹی و اعلیٰ حکام اور مقامی ہندو رہنمائوں نے مہمانوں کا استقبا ل کیا اور گلدستے پیش کیے ۔یاتریوں کو واہگہ بارڈر پہنچنے کے بعدخصوصی بسوں کے ذریعے گورو دوارہ ڈیرہ صاحب میں قیام کیا جوآج تاریخی کٹاس راج مندر روانہ ہوں گے، جہاں وہ کل ہندو یاتری مہا شو راتری کی مناسبت سے اپنی مذہبی رسومات ادا کریں گے ۔ وفاقی وزارت مذہبی امور براے بین ا لمذاہب ہم آہنگی اور چیئرمین بورڈ سید عطا الرحمن کی خصوصی ہدایت پر ہندو یاتریوں کی پاکستان آمد کے حوالے سے سیکورٹی ،رہائش اورٹرانسپورٹ سمیت دیگر انتظامات کیے گے ہیں۔بھارتی ہندو یاتری،دہلی، اتر پردیش مہارا شٹر ، ہریانہ ،راجستھان سے پاکستان آئے ہیں ۔ جتھہ لیڈر رگو کانت نے واہگہ بارڈر پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ پہلے بھی پاکستان آئے ہیں اور یہاں آکر دلی خوشی محسوس ہوئی ہے ۔ہمیں یہاں عزت و احترام دیا جاتا ہے ۔





