سپریم کورٹ دفعہ 370 کی منسوخی کے خلاف دائر عرضداشتوں کو نمٹانہیں رہی،سی پی آئی(ایم)
اگرتلہ بھارت 25 فروری (کے ایم ایس)کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا مارکسٹ(ایم ) کے جنرل سکریٹری سیتارام یچوری نے کہا ہے کہ بھارتی سپریم کورٹ دفعہ 370کی منسوخی کے خلاف دائر عرضداشتوں پر سماعت نہیں کر رہی ۔بھارتی آئین کی دفعہ 370کے تحت مقبوضہ جموںوکشمیر کو خصوصی درجہ حاصل تھا ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سیتارام یچوری نے بھارتی ریاست تری پورہ کے دارالحکومت اگرتلہ میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن بھارت کے مختلف حصوں میں اقلیتوں کے خلاف بڑھتے ہوئے نفرت انگیز تقاریر پر کارروائی نہیں کر رہا جبکہ سپریم کورٹ آرٹیکل 370 کی منسوخی کے خلاف دائر عرضداشتوں پر تین برس سے سماعت نہیں کررہی۔ انہوں نے کہا الیکشن کمیشن نفرت انگیز تقاریر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی نہیں کر رہا اور اہم مقدمات برسوں سے سپریم کورٹ میں زیر التوا ہیں جبکہ بی جے پی حکومت پارلیمنٹ میں عوام مخالف قوانین زبردستی منظور کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں بڑے پیمانے پر بے روزگاری ہے، قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں اور معیشت تباہی کا شکار ہے۔ کیمونسٹ پارٹی آف انڈیا مارکسٹ کے رہنماﺅں پرکاش کرات مانک سرکار،جتیندر چودھری اور اگور دیببرما نے اپنی تقریروں کے دوران لوگوں پر زور دیا کہ وہ حکمران بی جے پی کے بڑھتے ہوئے حملوں ، تشدد ، بدعنوانی، پیسے کی لوٹ مار اور غلط حکمرانی کو روکنے کے لیے متحرک ہوں۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی سمیت بی جے پی رہنما عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں۔