گریز: جنگلا ت میں لگی آگ پر تاحال قابو نہیں پایا جاسکا

سری نگر:
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کی وادی گریز میں کنٹرول لائن کے قریب بگتور علاقے میں جنگلات میں لگی زبردست آگ پر تاحال قابو نہیں پایا جاسکا ہے۔ آگ آج(اتوار) مسلسل چوتھے دن بھی جاری رہی۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق آتشزدگی کیوجہ سے جنگلاتی زمین کا ایک بڑا حصہ تباہ ہو گیا اور بڑی تعداد میں درختوں کو نقصان پہنچا۔حکام کا کہنا ہے کہ محکمہ جنگلات، محکمہ جنگلی حیات اور مقامی رضاکاروں کی مشترکہ ٹیمیں آگ پر قابو پانے اور اسے قریبی علاقوں میں پھیلنے سے روکنے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہیں۔انہوںنے کہا کہ آگ جنگل کے کمپارٹمنٹ 32 میں لگی، جو کنٹرول لائن کے قریب ایک دور دراز اور پہاڑی مقام ہے۔ سوکھی گھاس نے آگ کو بھڑکایا، جس کی وجہ سے وہ تیزی سے پھیل گئی ۔
فاریسٹ آفیسر جاوید اقبال نے بتایا کوئی سڑک رابطہ نہ ہونے کیوجہ سے فائر ٹینڈر علاقے تک نہیں پہنچ سکتے اور ہماری ٹیمیں آگ پر قابو پانے کے لیے مکمل طور پر دستی طریقوں پر انحصار کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود تمام محکموں کے اہلکار آگ پر مکمل طور پر قابو پانے کے لیے پورے عزم کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔جاوید اقبال نے مزید کہا کہ آگ لگنے کی اصل وجہ کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔






