یوم پاکستان کی مبارکباد دینے کے الزام میں مسلمان طالبہ گرفتار
بنگلورو 27مارچ (کے ایم ایس)بھارتی ریاست کرناٹک کے ضلع باگل کوٹ میں ایک مسلمان طالبہ کو یوم پاکستان پر لوگوں کو مبارکباد دینے کے الزام میں گرفتار کیا گیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق طالبہ جس کی شناخت کتھمہ شیخ کے نام سے ہوئی ہے،مدھول ٹان کی رہائشی اور مقامی مدرسے کی طالبہ ہے۔بھارتی پولیس نے کہا کہ کتھمہ شیخ نے یہ پیغام پوسٹ کیا تھا کہ ”خدا ہرملک کو امن، اتحاد اور ہم آہنگی سے نوازے”۔ شیخ کو ایک دن بعد ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔ایک پولیس افسر نے صحافیوںکو بتایا کہ یہ گرفتاری امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے کی گئی تھی۔مدھول کی رہنے والی کتھمہ شیخ ایک مدرسے کی سینئر طالبہ ہیں۔ ان کی گرفتاری ایک ہندوتوا کارکن ارون کمار بھجنتری کی طرف سے شکایت درج کرانے کے بعد عمل میں آئی ہے۔ شکایت میں کہاگیاتھا کہ طالبہ یوم پاکستان کے موقع پر مبارکباد کا پیغام پوسٹ کرکے دو برادریوں کے درمیان دشمنی پیدا کر رہی ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔