کشمیری باشندوں کا حد بندی کے خلاف بھارتی سپریم کورٹ سے رجوع
نئی دہلی29 مارچ (کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں کشمیرسے تعلق رکھنے والے دوباشندوںنے بھارتی سپریم کورٹ میں ایک درخواست دائر کی ہے جس میں علاقے میں اسمبلی حلقوں کی ارسرنو حد بندی کرنے کے مودی حکومت کے مارچ 2020کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یہ درخواست حاجی عبدالغنی خان اور ڈاکٹر محمد ایوب متونے دائر کی ہے جس میں حد بندی کمیشن کی تشکیل کوبغیر کسی اختیار، دائرہ اختیار اوراتھارٹی قراردینے کی استدعا کی گئی ہے ۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ جموں کشمیرمیں اسمبلی حلقوں کی حد بندی کے لیے نوٹیفکیشن جاری کرنے کی بھارتی حکومت کی کارروائی اس کے دائرہ اختیار میں نہیں تھی اور اس نے الیکشن کمیشن آف انڈیا کے دائرہ اختیار کو غصب کیا ہے۔درخواست میں کہاگیا ہے کہ جموں و کشمیر میں اسمبلی نشستوں کی تعداد بڑھانے کے کسی بھی اقدام سے پہلے ایک آئینی ترمیم کی ضرورت ہے، اس کے علاوہ انتخابی قوانین میں بھی ترامیم کرنا ہونگی۔