نئی دلی:
معروف بھارتی دفاعی تجزیہ کار پراوین ساہنی نے حالیہ جنگ میں پاکستانی طیارے تباہ کرنے کے انڈین ائیر چیف کے دعوئوں کا بھانڈا پھوڑ دیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی دفاعی تجزیہ کار پراوین ساہنی نے ایک انٹرویو میں خود اپنی حکومت کے طیارہ گرانے کے دعوئوں پر حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے ان پر بڑا سوالیہ نشان لگا دیاہے۔پراوین ساہنی نے اپنے تجربے، مشاہدے اور مستند معلومات کی بنیاد پر کہا کہ اگر واقعی پاکستانی ایف سولہ طیارہ گریا گیا تھاتو3مہینے تک یہ بات کسی کو بتائی کیوں نہیں گئی۔انھوں نے کہا کہ اگر بھارت نے فضا میں یا ہینگرز پر کھڑے پاکستانی طیاروں کو نشانہ بنایا ہوتا تو ساری دنیا کو پتا چل چکا ہوتا۔ انہوں نے انڈین ایئر چیف کے بیان پر سوال اٹھایا کہ آخر وہ تباہ شدہ طیارے کہاں گئے؟ ان کا ملبہ کہاں ہے؟ کوئی تصویر؟ ویڈیو؟ سیٹلائٹ امیجز؟ کچھ تو ثبوت دکھائیں۔انھوں نے مزید کہا کہ اب بھی بات صرف تقریر کی حد تک بات کی گئی ہے، کسی بڑی پریس کانفرنس میں نہیں کہا گیا کیوں کہ وہاں کوئی نہ کوئی ثبوت پیش کرنا پڑتا۔پراوین ساہنی نے کہا کہ حقیقت واضح ہے کہ بھارتی ایئر چیف کا یہ دعویٰ مشکوک اور حقیقت سے کوسوں دور ہے۔
واضح رہے کہ انڈین ائیر چیف اے پی سنگھ نے تین ماہ قبل ہونے والی 4روزہ جنگ میں پاکستان کے 5لڑاکا طیاروں سمیت 6طیارے تباہ کرنے کا دعوی کیا تھا۔تاہم یہ مضحکہ خیز دعوی پوری دنیا میں مودی سرکار کے لیے ہزیمت کا سبب بن گیا ہے۔ یہاں تک کہ بھارت کے اندر سے ان پر تنقید کی جارہی ہے ۔





