پونچھ میں کار دریا میں گرنے سے پولیس اہلکار ہلاک ، 5افراد زخمی
جموں 29مئی(کے ایم ایس) غیر قانونی طورپربھارت کے زیرقبضہ جموں و کشمیر میں اتوار کے روز ضلع پونچھ میں ایک نجی کار دریا میں گرنے سے ٹریفک پولیس کا ایک اہلکار ہلاک اور پانچ افراد زخمی ہوگئے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ایک پولیس افسر نے صحافیوںکو بتایا کہ صبح آٹھ بجے کے قریب پونچھ سے سرنکوٹ کی طرف جانے والی آلٹو کار کلائی کے قریب ڈرائیور کا کنٹرول کھو جانے کے بعد دریا میں جا گری جس کے نتیجے میں بیدر منڈی سے تعلق رکھنے والا پولیس کانسٹیبل بشیر احمد شیخ موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔انہوں نے کہاکہ پانچ افراد کو زخمی حالت میں بچایا گیا اور ڈسٹرکٹ ہسپتال پونچھ منتقل کیا گیا۔زخمیوں کی شناخت غلام قادر ، اس کی دو بیٹیوں 16سالہ نسیم اختر ، 7سالہ آفرین کوثر ، 17سالہ گلزار احمد اور 21سالہ بہن گلشن اختر کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس افسر نے بتایا کہ اس سلسلے میں کیس درج کرلیا گیا ہے۔