جموں میں ہائی کورٹ بارایسوسی ایشن کا کرایہ داری ایکٹ 2025کے خلاف احتجاج

جموں : غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرکے جموں خطے میں ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے جموں وکشمیر کرایہ داری ایکٹ 2025کے حالیہ نفاذ کے خلاف عدالت کے احاطے میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جموں خطے کے وکلاء نے نئے قانون کی بعض دفعات کے خلاف شدید غم و غصے اور مخالفت کے لئے دن بھر عدالتوں کا بائیکاٹ کیا۔بارایسوسی ایشن نے اس بات پر سخت تشویش کا اظہار کیا کہ جموں وکشمیرکرایہ داری ایکٹ 2025کی کئی دفعات میں غیر منصفانہ طور پر اہم عدالتی اور نیم عدالتی اختیارات کو انتظامیہ کے ہاتھ میں دیاگیا ہے جو آئین میں درج اختیارات کی تقسیم کے اصول پرکاری ضرب ہے۔ احتجاج کرنے والے وکلا ء نے بتایاکہ جوڈیشل افسران کی طرف سے انتظامی افسران کو عدالتی اختیارات کی منتقلی سے انصاف کی فراہمی کا تقدس پامال ہوتا ہے اور نظام انصاف پر عام شہری کا اعتماد کمزور ہوتا ہے ۔ بارایسوسی ایشن کے صدر نرمل کوتوال نے صحافیوںسے گفتگو کرتے ہوئے حکام سے مطالبہ کیا کہ جے اینڈ کے کرایہ داری ایکٹ 2025کو یا تو واپس لیا جائے یا 10دنوں کے اندر اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد اس کی دفعات میں ترمیم کی جائے ورنہ ایسوسی ایشن کو اقدامات کرنے پڑیں گے۔ایچ سی بی اے کے عہدیداروں نے عدلیہ کے تقدس اور آزادی کے تحفظ کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔







