سرینگر:انجمن نصرت الاسلام کے زیر اہتمام حج تربیتی پروگرام کل منعقد کیاجائے گا
سرینگر :
غیر قانونی طورپربھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں انجمن نصرت الاسلام کے زیر اہتمام انجمن اوقاف جامع مسجد کے تعاون سے کل عازمین حج کیلئے ایک روزہ حج تربیتی پروگرام منعقد کیاجائے گا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حج تربیتی پروگرام اسلامیہ ہائر سیکنڈری اسکول راجوری کدل سرینگر میں منعقد کیاجائے گا۔یہ تربیتی نشست وادی کے ممتاز عالم دین، شیخ الحدیث مفتی نذیر احمد قاسمی کی نگرانی میں ہوگی، جس میں شرکا کو مناسک حج، فرائض اور روحانی اہمیت کے حوالے سے رہنمائی فراہم کی جائے گی ۔بہتر تفہیم کے لیے پروگرام میں حج کے مختلف پہلوئوں سے بھی آگاہ کیاجائے گا۔ اس موقع پر عازمین حج میں ایک جامع رہنما کتابچہ بھی مفت تقسیم کیا جائے گا۔انجمن نے اس سال فریضہ حج ادا کرنے والے تمام افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ اور وقت پر اس اہم اور معلوماتی نشست میں شرکت کو یقینی بنائیں۔








