لاہور :19جولائی کو یوم الحاق پاکستان کے موقع پر عظیم الشان ریلی منعقد کی جائیگی،حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ
لاہور:
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنمائوں نے کہاہے کہ 19جولائی 1947کو کشمیری عوام نے پاکستان کے ساتھ الحاق کی تاریخی قراردادمنظور کی تھی ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کنوینر غلام محمد صفی سمیت کشمیری حریت رہنمائوں نے لاہور میں ایک پریس کانفرنس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ اس دن سرینگرکے علاقے آبی گزرمیں کشمیری عوام نے آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے پلیٹ فارم سے ریاست جموں و کشمیر کے پاکستان کے ساتھ مکمل الحاق کی تاریخی قرارداد منظور کی تھی۔ حریت قائدین نے یوم الحاق پاکستان کے موقع پر 19جولائی کو لاہور میں مسجد شہدا سے پنجاب اسمبلی ہال تک عظیم الشان ریلی کا انعقاد کرنے کا اعلان کیا ۔انہوں نے کہاکہ ریلی میں پاکستان کی سیاسی، مذہبی، سماجی اور اقلیتی رہنمائوں کے علاوہ زندہ دلان لاہور کی بڑی تعداد شریک ہوگی۔انہوں نے صحافتی برادری اورمیڈیا سے ریلی کی بھرپور کوریج کی اپیل کی تاکہ کشمیریوں کی آواز دنیا تک پہنچایاجاسکے ۔حریت قائدین نے اپنے خطاب میں کہاکہ پاکستان کے قیام سے قبل ہی کشمیری عوام نے اپنی قسمت اس کے ساتھ منسلک کر لی تھی،جوکہ اس بات کی دلیل ہے کہ کشمیریوں کا نظریاتی، جغرافیائی، مذہبی اور تہذیبی رشتہ پاکستان سے فطری اور ناگزیر تھا۔انہوں نے کہاکہ اس وعدے کو کشمیری عوام اپنے خون سے آج بھی نبھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یومِ الحاقِ پاکستان ماضی کی یاد دہانی نہیں بلکہ موجودہ فرض کا شعور اور مستقبل کی ذمہ داریوں کی تجدید ہے۔ یہ دن درحقیقت دو قومی نظریے کی روشنی میں قائم ہونے والی ریاست پاکستان سے کشمیریوں کے اس دیرینہ تعلق کا عکاس ہے، جو قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت اور فکر سے جڑا ہوا ہے۔حریت کنوینرغلام محمد صفی نے کہا کہ شہ رگ کے بغیر زندگی ممکن نہیں اور کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ کشمیر اور پاکستان ایک دوسرے کے بغیر مکمل نہیں ہو سکتے۔ اسی لیے الحاق پاکستان کشمیریوں کے ایمان کا حصہ ہے اور کشمیری عوام اس نظریے پر آج بھی پوری استقامت سے قائم ہیں۔انہوںنے کہاکہ 19جولائی 1947کی قرارداد کشمیریوں کے ایمان، جذبے اور قربانیوں کی بنیاد ہے۔ بھارت نے فوجی طاقت کے بل پر کشمیریوں کی آواز دبانے کی کوشش کی، لیکن کشمیری آج بھی الحاق پاکستان کے مقدس عہد پر قائم ہیں۔ حریت قائدین نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کوئی سرحدی تنازعہ نہیں بلکہ لاکھوں کشمیریوں کی زندگیوں ، شناخت، آزادی اورخواہشات کامسئلہ ہے۔انہوں نے کہاکہ اقوامِ متحدہ نے اپنی قراردادوں میں بھی کشمیریوںکوانکے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کی ضمانت فراہم کی گئی ہے ۔ تاہم بھارت نے عالمی ادارے کی قراردادوں کو روندتے ہوئے مقبوضہ علاقے کو ایک فوجی چھائونی میں تبدل کردیا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی سیاسی، سفارتی اوراخلاقی حمایت اہلیان کشمیر کے لیے باعث تقویت ہے ۔ کشمیری عوام پاکستان کو اپنے دل کی دھڑکن سمجھتے ہیں اور وہ آج بھی ”کشمیر بنے گا پاکستان”کا نعرہ لگاتے ہیں ۔انہوںنے الحاق پاکستان کیلئے اپنی جدوجہد آزادی جاری رکھنے کے عزم کااعادہ کیا ۔ حریت قائدن نے اقوامِ متحدہ، انسانی حقوق کی تنظیموں اور دنیا بھر کی آزادی پسند اقوام سے اپیل کی کہ وہ کشمیری عوام کو انکا حق خودارایت دینے کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائیں ۔جنرل سیکریٹری ایڈوکیٹ پرویز احمد شاہ نے کہا کہ حریت کانفرنس نے یومِ الحاق پاکستان کی مرکزی تقریب لاہور میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ دنیا کو یہ پیغام دیا جا سکے کہ پاکستان اور کشمیر کا تعلق محض جغرافیہ نہیں بلکہ ایک نظریہ، ایک ایمان اور ایک عقیدہ ہے۔اس موقع پر کشمیری حریت رہنماء شیخ عبد المتین ، راجہ خادم حسین شاہین، محمد اشرف ڈار، زاہد صفی، محمد شفیع ڈار اور شیخ عبدالماجد بھی موجودتھے ۔






