ممتاز عالم دین آغا سید باقر الموسوی سرینگر میں انتقال کر گئے
سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں ممتاز عالم دین اورمسلم سکالر آغا سید محمد باقر الموسوی آج مختصر علالت کے بعد سرینگرمیں انتقال کر گئے۔ انکی عمر 85برس تھی ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بڈگام سے تعلق رکھنے والے آغاخاندان کے سب سے سرکردہ رکن آغا باقرکچھ عرصے سے علیل تھے ۔ طبیعت بگڑنے پر انہیں سری نگر کے ایس ایم ایچ ایس ہسپتال لے جایا گیاتھا جہاںآج صبح ان کا انتقال ہو گیا۔انکی نماز جنازہ آج نماز جمعہ کے بعد ادا کی جائیگی اورانہیں بڈگام میں ان کے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔آغا سید باقر نے اپنی ابتدائی دینی تعلیم بڈگام کے باب العلم میں حاصل کی۔ بعد ازاں اعلیٰ تعلیم عراق کے شہر نجف سے حاصل کی ۔
ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے سرینگر میں ایک بیان میں آغا سید محمد باقر الموسوی کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیاہے اور مرحوم کی بلندی درجات اور سوگوار خاندان کیلئے صبر عظیم کی دعا کی ہے ۔