علی رضا سید کی لارڈ شفق محمد کوبرطانوی دارلعمرا کا حلف اٹھانے پر مبارکباد
مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پراجاگر کرنے کیلئے انکی خدمات قابل تحسین ہیں
برسلز:
کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے کشمیری نژاد برطانوی سیاستدان شفق محمد کو برطانوی دارلعمرا کے رکن کی حیثیت سے حلف اٹھانے پر دلی مبارکباد دی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق علی رضا سید نے برسلز سے جاری ایک بیان میں کہاکہ مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر خصوصا اعلی یورپی حلقوں میں اجاگر کرنے کے لیے لارڈ شفق محمد کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ خاص طور پر اس سے قبل انہوں نے یورپی پارلیمنٹ کے رکن کی حیثیت سے مسئلہ کشمیر اور خصوصا مقبوضہ کشمیر میں لوگوں کے انسانی حقوق کو اجاگر کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ لارڈ شفق محمد کا انصاف اور انسانی حقوق کے لیے عزم دوسروں کے لیے بھی مشعل راہ ہے۔ علی رضا سید نے کہاکہ ہمیں پورا یقین ہے کہ ان کی نئی ذمہ داری کشمیر میں مظلوموں کی آواز کو مزید بلند کرنے میں اہم ثابت ہوگی اور وہ کشمیر کے دیرینہ تنازعے کے پرامن حل کی کوششوں میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہم شفق محمد کی مزید کامیابی کے خواہاں ہیں اور ان کے وقار کی مزید بلندی کے لیے دعا گو ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں توقع ہے کہ وہ مظلوم کشمیری عوام کے حقوق کو اجاگر کرنے کے لیے اپنی کوششوں کو جاری رکھیں گے۔






