مقبوضہ جموں و کشمیر
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے نئے عہدیداروں کو مبارکباد
سرینگر17 جون (کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں یونائیٹڈ پولیٹیکل فورم کے چیئرمین بلال احمد صدیقی نے کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے حالیہ انتخابات کا خیرمقدم کرتے ہوئے نومنتخب کنوینر محمود احمد ساغر، جنرل سیکرٹری شیخ عبدالمتین اور دیگر عہدیداران کو مبارکباد دی ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بلال احمد صدیقی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کشمیر کے محکوم عوام کے اجتماعی جذبات، جدوجہد، مصائب اور قربانیوں کی نمائندگی کرتی ہے اور اسے عام لوگوں میں ایک اعلیٰ مقام حاصل ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئے عہدیدار کشمیر کاز کے لیے انتھک کوششیں اور حق خودارادیت کے حصول کے لیے کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کو اجاگر کرنے کے لیے سیاسی اور سفارتی محاذوں پر ہر ممکن اقدام کریں گے۔