مقبوضہ کشمیر: بھارتی پولیس نے”وی پی این“ کے استعمال پر 150کے قریب لوگوں کیخلاف مقدمہ درج کر لیا

سری نگر:بھار ت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی پولیس نے انٹرنیٹ تک رسائی کے لیے اپنے موبائل فون پر ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک (وی پی این) ایپلی کیشنز استعمال کرنے پر 150 کے قریب لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پولیس نے نئی دہلی کے مسلط کردہ لیفٹیننٹ گورنر کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے مختلف اضلاع میں کارروائی کرتے ہوئے اب تک تقریباً 150 لوگوں کے خلاف تحت مقدمہ درج کیا ہے۔
پلوامہ ضلع میں 95 افراد ،بارہمولہ کے علاقے سوپور میں 23، شوپیاں میں 15، کولگام میں 9، اسلام آباد میں 5، ڈوڈہ میں2، جبکہ ضلع راجوری میں 1 شخص کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا ۔ اطلاعات کے مطابق ان میں راجوری سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ لیفٹیننٹ گورنر کے ماتحت انتظامیہ نے مقبوضہ وادی کشمیر کے تمام دس جبکہ جموں خطے کے متعدد اضلاع میں”وی پی این“ کے استعمال پر پابندی عائد کر رکھی ہے ۔ اس اقدام کا واحد مقصد لوگوں کو سوشل میڈیا پر مقبوضہ علاقے کی اصل صورتحال کے بارے میں معلومات فراہم کرنے سے روکنا ہے۔





