مقبوضہ جموں وکشمیر : امرناتھ یاترا سے پہلے سخت حفاظتی اقدامات
سرینگر 29 جون (کے ایم ایس) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انتظامیہ نے کل (جمعرات) سے شروع ہونے والی ہندو امرناتھ یاترا کی سیکورٹی کے نام پر انتہائی سخت اقدامات کیے ہیںجس سے مقامی لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق انتظامیہ نے بتایا کہ یاترا کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے شارپ شوٹرز، ڈرون اور سی سی ٹی وی نگرانی سمیت انتہائی سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔43 روزہ یاترا کا آغاز کل پہلگام کے نونوان اور گاندربل کے بال ٹل راستے سے شروع ہو گا۔ یاترا کورونا وبا کی وجہ سے تین برس کے وقفے کے بعد ہو رہی ہے۔
بھارتی پیرا ملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے ایک افسر نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ یاترا کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے ڈرون، ریڈیو فریکوئنسی شناخت (آر ایف آئی ڈی) اور سیکڑوں سی سی ٹی وی کیمروں کے ساتھ سخت حفاظتی کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں وادی کشمیر میں لائی گئی پیرا ملٹری کی 300 اضافی کمپنیاں ہندو یاتریوں کو سیکورٹی فراہم کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سری نگر جموں شاہراہ پر بھی سخت سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔
دریں اثناءبھارتی فوجیوں نے ضلع راجوری کے کئی علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔