مقبوضہ جموں و کشمیر

کنٹرول لائن کے دونوں جانب کشمیریوں نے آج یوم الحاق پاکستان منایا

کشمیریوں نے1947میں آج ہی کے دن اپنا مستقبل پاکستان کے ساتھ وابستہ کیاتھا

سرینگر19جولائی(کے ایم ایس) کنٹرول لائن کے دونوں جانب کشمیریوں نے آج 19جولائی کو یوم الحاق پاکستان کے طور پر مناتے ہوئے کہاہے کہ کشمیری عوام نے اپنے مستقبل کو اسلامی جمہوریہ پاکستان کے ساتھ وابستہ کرنے کا فیصلہ1947میں پاکستان کے معرض وجود میں آنے سے کئی ہفتے پہلے ہی کر لیا تھا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق 19جولائی 1947کو سرینگر کے علاقے آبی گزر میں سردار محمد ابراہیم خان کی رہائش گاہ پر ہونے والے آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے اجلاس میںکشمیریوں کے حقیقی نمائندوں نے الحاق پاکستان کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کی تھی۔
پروفیسر عبدالغنی بٹ، عبدالاحد پرہ، زمرودہ حبیب، یاسمین راجہ، خادم حسین، مولانا سبط شبیر قمی، ایڈووکیٹ دیویندر سنگھ بہل، چوہدری شاہین اقبال اور امتیاز احمد ریشی سمیت کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں نے سرینگر میں اپنے بیانات میں کہا کہ تاریخی قرارداد نے مسلمانوں کے خلاف بھارتی اور برطانوی حکمرانوں کے مذموم منصوبوں کو ناکام بنا دیا۔حریت رہنمائوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق حل کرانے میں اپنا کردار ادا کرے۔
یوم الحاق پاکستان کے سلسلے میں اسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے دفترپر منعقدہ سیمینار میں مقررین نے کہا کہ کشمیری اس وقت تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے جب تک جموں و کشمیر پاکستان کا حصہ نہیں بن جاتا۔ سیمینار کی صدارت کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے کی۔ اس دن کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے اسلام آباد میں”پاکستان کے ساتھ کشمیر کے الحاق کے 75 سال”کے عنوان سے ایک ویبینار کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا اہتمام اسلام آباد انسٹی ٹیوٹ آف کنفلیکٹ ریزولوشن نے لیگل فورم فار کشمیر کے تعاون سے کیا تھا۔
مظفرآباد میں نکالی گئی ایک ریلی کے شرکا ء نے کشمیریوں کے اس عزم کی تجدید کی کہ وہ جموں و کشمیر کو بھارتی قبضے سے آزاد کرانے اور پاکستان کے ساتھ الحاق تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
دریں اثناء برطانیہ کے قصبے High Wycombe میںبرطانوی پارلیمنٹ کی رکن ناز شاہ، لیبر پارٹی کے انچارج کمپین ڈیوڈ ٹیلر اور جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے سابق امیر عبدالرشید ترابی سمیت مقررین نے کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مودی حکومت کی نفرت انگیز پالیسیوں کے نتیجے میں آنے والی تباہی سے جنوبی ایشیا کو بچائے۔ تقریب کا اہتمام”بین الاقوامی ترقی کے لئے لیبرپارٹی کی مہم اور لیبرپارٹی میں فرینڈز آف کشمیر” کی طرف سے کیا گیا تھا تاکہ کشمیر میں امن لانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیاجاسکے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button