اروناچل پردیش میں متعدد مقامات پر بھارت اور چین کے درمیان آمنا سامنا جاری ہے: آئی ٹی بی پی چیف
مودی نے ہر بار فوجیوں کو تنہا چھوڑ کرملک سے غداری کی ہے، کانگریس
- فورسز سے سرحدو ں کی حفاظت کے بجائے شہریو ں کے احتجاج کو دبانے کا کام لیا جارہاہے، ڈپکے
نئی دہلی: انڈو-تبتن بارڈر پولیس (آئی ٹی بی پی) کے سربراہ شترجیت کپور نے کہا ہے کہ اروناچل پردیش کی سرحد پر متعدد مقامات پر بھارتی اور چینی افواج کے درمیان آمنا سامنا جاری ہے۔ یہ جولائی سے کشیدگی پھیلنے کی اطلاعات کی پہلی سرکاری تصدیق ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابقآئی ٹی بی پی کے ڈائریکٹر جنرل کپور نے یہ بات راجستھان کے شہر الور میں سینٹرل ٹریننگ کالج کی ایک تقریب کے دوران کہی۔ بھارتی روزنامے ‘دی ہندو’ نے ان کے حوالے سے لکھا، "گزشتہ چند دنوں میں ایسی صورتحال پیدا ہوئی جہاں اروناچل کے کئی مقامات پر آمنا سامنا ہوا اور یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے۔”
‘دی ہندو’ نے سرکاری ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ سب سے نمایاں کشیدگی اروناچل پردیش کے علاقے ٹکسنگ ے قریب ‘اسافیلا’ میں جولائی کے آخر سے جاری ہے۔ رپورٹ کے مطابق، چینی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کے اہلکاروں نے ‘لائن آف ایکچوئل کنٹرول’ (ایل اے سی) سے تقریباً 6 سے 7 کلومیٹر اندر، اونچے مقامات پر خیمے نصب کر لیے ہیں۔ یہ جگہ اپر سبنسری ضلع کے ٹکسنگ سرکل میں ‘ماجا کمپنی آپریٹنگ بیس’ کے قریب واقع ہے۔
اخبار نے ایک ذریعے کے حوالے سے بتایا، "جولائی میں کسی وقت، معمول کی گشت کے دوران، ماجا کے قریب بھارتی اور چینی فوجی آمنے سامنے آ گئے۔ مختصر کشیدگی کے بعد دونوں فریقین واپس چلے گئے، لیکن کچھ دنوں بعد چینی پی ایل اے کے فوجی بڑی تعداد میں واپس آئے اور بھارت کے نزدیک ایل اے سی کی حدود کے اندر تقریباً 6 سے 7 کلومیٹر تک خیمے نصب کر دیے۔”
رپورٹ کے مطابق اس کے بعد سے بھارت نے بھی اس علاقے میں اپنی نفری اور تعیناتی میں اضافہ کر دیا ہے۔
کپور نے انڈو تبتین بارڈر پولیس( آئی ٹی بی پی) کے پرانے ہتھیاروں کو جدید بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور بتایا کہ ان کے پاس موجود کچھ ہتھیار تقریباً 50 برسپرانے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین کی بڑھتی ہوئی عسکری صلاحیتوں کا مقابلہ کرنے کے لیے صرف روایتی طریقے کافی نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے انسداد ور ڈرون ڈرون صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
بھارتی نیوز ویب پورٹل ‘دی وائر’ نے رپورٹ کیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی اور عسکری سطح پر ہونے والے متعدد رابطوں کے باوجود کشیدگی بدستور برقرار ہے۔ پورٹل کے مطابق 11 سے 13 ستمبر تک بھارت کی میزبانی میں ہونے والی 18ویں برکس سربراہی کانفرنس میں چینی صدر شی جن پنگ نے شرکت کی تھی، جبکہ جولائی سے اب تک سرحد پر اعلیٰ سطحی مذاکرات کے تین دور بھی ہو چکے ہیں۔
اپوزیشن جماعت کانگریس کا کہنا ہے کہ بی جے پی کی زیر قیادت حکومت جولائی سے سرحد پر ہونے والی جھڑپوں کی اطلاعات کو "دبا” رہی ہے۔ پارٹی نے کہا کہ ستمبر میں برکس سربراہی کانفرنس کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے کوئی عملی قدم اٹھانے کے بجائے چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ "ہنسی مذاق” کرتے ہوئے وقت گزارا۔
کانگریس نے سوشل میڈیا پر کہامودی نے ہر بار ملک کی فوجیوں کو تنہا چھوڑا ہے، ملک سے غداری کی ہے اور اپنی ذمہ داریوں سے پہلو تہی کی ہے۔ اس کمزور وزیر اعظم نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔
کپور (Kapur) کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے، کانگریس کے جنرل سیکرٹری جے رام رمیش نے ‘ایکس’ (X) پر کہا کہ ان محاذ آرائیوں کے حوالے سے "وزیر اعظم اور ان کے انتظامی حلقوں کی جانب سے مجرمانہ خاموشی” اختیار کی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مقامی رہائشیوں نے اطلاع دی ہے کہ علاقے میں گشت کے مقامات تک ان کی رسائی ختم ہو گئی ہے، جس کا موازنہ لداخ میں پیش آنے والے واقعات سے کیا جا سکتا ہے۔
رمیش نے 19 جون 2020 کو بھارت چین سرحدی صورتحال کے بارے میں مودی کے اس بیان پر بھی تنقید کی، جو وادی گلوان میں ہونے والی جھڑپ میں 20 بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد سامنے آیا تھا۔
رمیش نے کہابھارت، 19 جون 2020 کو وزیر اعظم کی جانب سے چین کو دی گئی اس بدنامِ زمانہ ‘کلین چٹ’ کی قیمت ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے نریندرمودی کے اس بیان کی طرف اشارہ کیا جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ کسی نے بھی بھارتی علاقے میں دراندازی نہیں کی گئی اور نہ ہی کسی بھارتی فوجی چوکی پر قبضہ کیا گیا ہے۔
دریں اثنا، کاکروچ جنتا پارٹی’ (سی جے پی) کے بانی ابھیجیت ڈپکے نے اس بات پر تنقید کی کہ ایک جانب سرحد پر کشیدگی برقرار ہے جبکہ دوسری جانب بھارتی فورسز اہلکاروں کو ملک کے اندر ہونے والے مظاہروں کو کچلنے کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔ ڈپکے نے کہا کہ ”جن فورسز کو ہماری سرحدوں کی حفاظت کرنی چاہیے، انہیں شہریوں کو احتجاج کرنے سے روکنے کے لیے تعینات کیا جا رہا ہے۔“ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم اپنے ہی شہریوں کے خلاف اہلکاروں کو تعینات کر کے ”قومی سلامتی کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔“
انہوں نے ’ایکس‘ پرکپور کی اس ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ” ہماری ترجیح سرحدوں کو محفوظ بنانا ہونی چاہیے، نہ کہ پرامن احتجاج کو دبانے کے لیے دہلی کو ایک قلعے میں تبدیل کر دینا۔“




