بھارت کی بدنام زمانہ خفیہ ایجنسی را کا پاکستان میں نیٹ ورک اسکے سابق ایجنٹ نے بے نقاب کر دیا
اسلام آباد 23ستمبر (کے ایم ایس )
پاکستان میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کا جاسوسی نیٹ ورک اسکے سابق ایجنٹ نے ہی بے نقاب کر دیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق را کے سابق جاسوس ڈینیل نے ایک بھارتی ٹی وی چینل پرو پنجاب ٹی وی کے ساتھ ایک انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ اسے بھارتی خفیہ ایجنسی را کی جانب سے پاکستان میں بم دھماکے کرنے کے لیے بھیجا گیا تھا۔ڈینیل نے یہ انکشاف بھی کیا کہ جاسوسی کے لیے ایجنٹ صرف بھارت ہی بھیجتا ہے پاکستان ایسا نہیں کرتا۔بھارتی ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں را کے ایجنٹ ڈینیل نے اعتراف کیا کہ اس نے پاکستان میں بھارت کے لیے جاسوسی کی اور پکڑا بھی گیا، پاکستان میں چار سال قید کاٹی۔ڈینیل نے را اور بھارتی فوج کے ایک اور جاسوس راجو سے متعلق بھی بتایا اور کہا کہ وہ اب پاکستان میں قید ہے۔ڈینیل نے بتایا کہ بھارت واپسی کے بعد بھارتی حکومت نے اسے صرف 15 ہزار روپے دے کر فارغ کر دیا اور اب وہ کسمپرسی کی زندگی گزار رہا ہے۔سابق بھارتی ایجنٹ نے کہا کہ را اب بھی پاکستان میں اپنی تخریبی سرگرمیوں میں ملوث ہے۔ اس نے پاکستانیوں کی تعریف کرتے ہوئے یہ بھی کہاکہ وہ بہت اچھے ہوتے ہیں۔