کانگریس پارٹی کی بھارتی عوام سے 27ستمبر کو بھارت بند کامیاب بنانے کی اپیل
حیدرآباد24 ستمبر (کے ایم ایس )
بھارت میں کانگریس پارٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ27ستمبر بروز پیر کو اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے” بھارت بند ”کو کامیاب بناکر مودی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کانگریس کے نائب صدر ملو روی اور سابق رکن اسمبلی مال ریڈی رنگا ریڈی نے حیدر آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بھارت میں اپوزیشن کی 19جماعتوں نے متحدہوکر بھارت بند کا اعلان کیا ہے جس کا مقصد سیاست نہیں بلکہ مودی حکومت کو اسکی عوام دشمن پالیسیوں سے روکنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میںپٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے سبب مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہے اور حکومت ٹیکسوں میں اضافہ کے ذریعہ عوام پر مزیدبوجھ ڈال رہی ہے۔ کانگریس کے رہنمائوں نے کہا کہ ملک بھر کے کسانوں تین زرعی قوانین کے خلاف مسلسل اپنا احتجاج جاری رکھے ہوئے ہیں ۔تاہم انہوںنے کہاکہ کسانوں کے مطالبات پرمودی حکومت کا رویہ افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ 30ستمبر کو ڈسٹرکٹ کلیکٹریٹس پر دھرنا دیا جائے گا۔