بھارت :بلقیس بانو کے مجرموں کی رہائی تشویشناک ہے: شردپوار
ممبئی 30اگست(کے ایم ایس)بھارت میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے صدر اور سابق وزیر دفاع شرد پوار نے بلقیس بانو کے مجرموں کو رہاکرنے پر تشویش کااظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ گجرات کی بی جے پی حکومت نے بلقیس بانو کیس کے مجرموں کو رہا کر کے اور ان کی سرعام ستائش کرکے یہ ثابت کر دیا ہے کہ ان کے ہاںعورتوں کا کیا احترام ہے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق شردپوار نے تھانے شہر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم نریندر مودی نے 15اگست کوخواتین کی عزت و احترام کی جو باتیں کہیں اسے ہم نے غور سے سنا لیکن جس ریاست سے نریندر مودی کا تعلق ہے اس کی حکومت نے ایک خاتون کے ساتھ درندگی کا مظاہر کرنے والے مجرموں کو رہا کر دیا۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی نے لال قلعے سے اپنی تقریر میں خواتین کی عزت واحترام کی جو باتیں کہیں اس کا عملی ثبوت گجرات حکومت نے بلقیس بانو کے مجرموںکو رہا کر کے دیا ہے جو انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے بھارت میں خواتین پربڑھتے ہوئے مظالم پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گجرات کی بی جے پی حکومت نے بلقیس بانو کیس کے مجرموں کو رہا کر کے اور ان کی سرعام ستائش کرکے یہ ثابت کر دیا ہے کہ ان کے ہاں عورتوں کا کیا احترام ہے۔انہوں نے کہاکہ عدالت نے ان مجرموںکو عمرقید کی سزاسنائی تھی لیکن گجرات حکومت نے انہیں رہا کر دیا۔ یہ بی جے پی کی سوچ کا مظہر ہے۔شرد پوار نے کہا کہ مودی حکومت اس بات کی مسلسل کوشش کرتی رہتی ہے کہ غیر بی جے پی رہنمائوں کے خلاف کس طرح سی بی آئی، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اور دیگر ایجنسیوں کو لگایا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ جن ریاستوں میں بی جے پی کی حکومت نہیں ہے ان تمام ریاستوں میں جمہوری طریقے سے منتخب حکومتوں کو اقتدار سے بے دخل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔