جنیوا:کشمیری وفد کی” آئی پی ایچ آر سی“ کے اراکین سے ملاقات، مقبوضہ کشمیر کی ابتر صورتحال سے آگاہ کیا
جنیوا 23 ستمبر (کے ایم ایس) کشمیری وفد نے جنیوا میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے آزاد مستقل انسانی حقوق کمیشن( آئی پی ایچ آر سی) کے اراکین کو بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ کشمیر میں تیزی سے بگڑتی ہوئی سیاسی اور انسانی حقوق کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کمیشن سے خطے میں خونریزی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو رکوانے کے لیے فوری کردار ادا کا مطالبہ کیا ہے۔ .
اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 51ویں اجلاس میں شرکت کیلئے جنیوا میں موجود کشمیری وفد نے آئی پی ایچ آر سی کے اراکین ساتھ اپنی ملاقات کے دوران ان پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں انسانیت کے خلاف جرائم پر بھارت کو جواب دہ ٹھہرانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔وفد نے کہا کہ آئی پی ایچ آر سی کو بھارت پر دباو¿ بڑھانا چاہیے کہ وہ اقوام متحدہ کے تسلیم شدہ متنازعہ علاقے جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا سلسلہ بند کرے ، کالے قوانین کو منسوخ کریں اور 5 اگست 2019 کے بعد سے کشمیر پر کیے گئے تمام اقدامات کو واپس لے۔ وفد نے بھارتی حکومت کی جابرانہ پالیسیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے اراکین کو آگاہ کیا کہ بی جے پی کی نسل پرست بھارتی حکومت سیاسی اختلاف کو دبانے اور مقامی آبادی کو بے اختیار کرنے کے لیے نوآبادیاتی دور کے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے۔وفد نے کہا کہ زمینوں پر قبضہ، جبری بے دخلی اور شہریوں کی جائیدادوں کی غیر قانونی ضبطی اور غیر کشمیریوں کو ووٹ کا حق دینا جیسے اقدامات نوآبادیاتی اقدامات مقبوضہ علاقے میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کیلئے برائے کار لائے جا رہے ہیں۔وفد نے کہا کہ بھارتی حکومت سیاسی آوازوں کو دبانے لیے کالے قوانی پبلک سیفٹی ایکٹ اور یو اے پی اے کا استعمال کر رہی ہے ۔ وفد نے کہا کہ کشمیری سیاسی رہنماﺅں اور انسانی حقوق کے معروف کارکن خرم پرویز کی مسلسل نظر بندی عالمی برادری کیلئے چشم کشا ہے۔
آئی پی ایچ آر سی کے ارکان ڈاکٹر حاک علی عقگل، محمود مصطفی عفیفی، فہد بن عبداللہ العجلان اور ڈاکٹر ثقلین نے کشمیری وفد کو یقین دلایا کہ آئی پی ایچ آر سی عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ علاقے کی ابتر صورتحال کی طرف مبذول کرانے کیلئے اپنی سفارتی کوششیں بروئے کار لائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ آئی پی ایچ آر سی نے مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی صورتحال پر بار بار اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے او آئی سی کے وزرائے خارجہ اور دیگر متعلقہ اداروں کو رپورٹ کرتے رہیں گے۔کشمیری وفد میں الطاف حسین وانی ، سید فیض نقشبندی، سردار امجد یوسف، حسن البنا، ڈاکٹر سائرہ شاہ اور ظفر قریشی شامل تھے۔