مسلم لیگ کی بھارتی وزیر داخلہ کے دورہ کشمیر کیخلاف 5اکتوبر کو احتجاج کی اپیل
سرینگر03اکتوبر(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں مسلم لیگ جموں و کشمیر نے بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کے دورہ کشمیر کیخلاف 5اکتوبر کو احتجاج کی اپیل کرتے ہوئے واضح کیا کہ امیت شاہ مقبوضہ جموںو کشمیر کی مسلم شناخت مٹانے ،بھارت کے فوجی قبضے کو دوام بخشنے اور انسانی حقوق کو پامال کرنے والے مجرموں کی فہرست میں نریندرہ مودی کے بعد دوسرے نمبر پر ہیں۔
سرینگر میں منعقدہ پارٹی اجلاس کے بعد جاری کئے گئے ایک بیان میںمسلم لیگ کے ترجمان نے کہا کہ5اگست 2019کو جموں وکشمیر کو فوجی چھائونی میں تبدیل کرکے ریاستی عوام کے تمام بنیادی انسانی ، سماجی، سیاسی اور مذہبی حقوق پر شب خون ماراگیا۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی وزیر داخلہ متنازعہ خطے کے عوام کو گمراہ کرنے اورانہیںلسانیت، قومیت اور علاقائیت کی بنیاد پر تقسیم کرنے کیلئے کشمیر کا دورہ کررہے ہیں۔انہوں نے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ وہ اس دورے کے خلاف بھرپور احتجاج کریںاور قابض بھارتی حکمرانوں سے اپنی نفرت کا اظہار کریں جو نہ صرف متنازعہ خطے میں جنگی جرائم میں ملوث ہیں بلکہ ہزاروں کشمیریوں کو جیلوں میں ڈالنے کے بھی ذمہ دار ہیں۔انہوں نے کہاکہ 5اگست 2019کے بعدبھارتی وزیر داخلہ کے حکم پر سینکڑوں کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا گیا ، ہزاروں مظلوم کشمیریوں کوظلم وبربریت کا نشانہ بنا یاگیا یہاں تک دودرجن کے قریب خواتین کو بھی مختلف جیلوں میں پابند سلاسل کیا گیا۔ ترجمان نے کہاکہ بھارتی وزیر داخلہ متنازعہ خطے کے عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے لئے کشمیر آرہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بھارتی وزیر داخلہ دس لاکھ فوجیوںکے سایے میں متنازعہ خطے پر اپنی حکمرانی دکھانے کے بجائے جرات کا مظاہرہ کریں اوراقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق جموںو کشمیر میں آزادانہ اور غیر جانبدارانہ رائے شماری کا انعقاد کرائیں۔ انہوں نے کہاکہ قابض بھارتی فورسزقتل و غارت، ظلم و بربریت، کالے قوانین کے نفاذ ،نظربندیوں اور معاشی ناکہ بندیوں سے کشمیری عوام کے جذبہ آزادی کو کچلنے میں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتیں۔ ترجمان نے کہاکہ اجلاس میں پارٹی سربراہ اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ کی بگڑتی ہوئی صحت پر شدیدتشویش کا اظہار کیاگیا اوران کی صحت یابی کیلئے دعا کی گئی۔
دریں اثناء اسلامی تنظیم آزادی کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں اقوام متحدہ کی قراردادوں اورکشمیریوں کی امنگوں کے مطابق تنازعہ کشمیر حل ہونے تک جدوجہد آزادی جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیاہے۔