مہاراشٹر:مالی مشکلات کے باعث گزشتہ72گھنٹوں میں9کسانوں کی خودکشی
ناگپور13 اکتوبر (کے ایم ایس)
بھارتی ریاست مہاراشٹر میں بارشوں اور سیلاب کے باعث فصلیں تباہ ہونے سے پریشان حال9 کسانوں نے خودکشی کر لی ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ریاست کے علاقے ودربھ میں گزشتہ 3دنوں کے دوران سیلاب کے باعث اپنی فصلیں تباہ ہونے کی وجہ سے شدیدمالی مشکلات کا سامنا کرنے والے 9کسانوں نے خودکشی کی ہے ۔ خودکشی کرنے والے کسانوں کی بیوائوں کی فلاح وبہبود کیلئے کام کرنے والی ایک این جی او ‘ودربھ جن آندولن سمیتی’کے مطابق گزشتہ تین دنوں میں9 کسانوں نے مالی مشکلات کے باعث خودکشی کی ہے۔این جی او نے کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ریاست میں مسلسل بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے کسانوں کی کھڑی فصلیں تباہ ہو گئی ہیں اور اب ان کے پاس اگلی فصل بونے کے لیے بھی پیسے نہیں ہیں۔ صورتحال یہ ہے کہ کسان خاندانوں کے لیے روزی روٹی کا بندوبست کرنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔انہیں بینکوں اور دیگر قرض دہندگان سے بھی کوئی راحت نہیں مل رہی ہے۔ جس کے نتیجے میں کسان خودکشی جیسا انتہائی قدم اٹھا رہے ہیں۔این جی او کے مطابق ودربھ میں خودکشی کرنے والے کسانوں کی شناخت گنیش اڈے،لتا چاہولے سوپنل پچ بھائی، برجیش ہدے ، شنکر ڈانکے ، ساگر ڈھولے، ستیش موہود، منگیش ستکھیڑے اور بھاسکر پاردھی کے طورپر ہوئی ہے ۔ان کسانوں کا تعلق یوتمال اور ودربھ کے اضلاع سے ہے جو بارش سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔