کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس کی کشمیری فوٹو جرنلسٹ کو نیویارک جانے سے روکنے پر بھارت کی مذمت
نیویارک 19اکتوبر (کے ایم ایس)
نیویارک میں قائم صحافیوں کے تحفظ کی بین الاقوامی تنظیم کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس نے کشمیری فوٹو جرنلسٹ ثنا ارشادمتو کو پلٹزر پرائزایوارڈ وصول کرنے کیلئے نیویارک جانے کیلئے دلی ایئرپورٹ پر روکنے پر بھارتی حکام کی مذمت کی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس نے اپنی ویب سائٹ پر جاری ایک بیان میں بھارتی حکام کے اس اقدام کی مذمت کرتے ہوئے غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرکی صورتحال کی کوریج کرنے والے صحافیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کا سلسلہ بند کرنے پر زوردیا ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پیر کی شام نئی دلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر امیگریشن حکام نے ثنا متو کونیویارک جانے سے روک دیا تھا وہ جمعرات کو منعقد ہونے والی ایک تقریب میںپلٹزر پرائز ایوارڈ وصول کرنے کیلئے جارہی تھیں ۔سرینگر سے تعلق رکھنے والی فری لانس فوٹو جرنلسٹ ثنا متو رائٹرز کی اس ٹیم کا حصہ تھیں جس نے بھارت میں کورونا وبا کے کوریج کی وجہ سے فوٹو گرافی کا پلٹزر پرائز ایوارڈ جیتا ہے۔کشمیری فوٹو جرنلسٹ نے ایک ٹویٹ میں کہاہے کہ بھارتی حکام نے انہیں درست سفری دستاویزات کے باوجودبغیر کسی وجہ کے نیویارک جانے سے روک دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پلٹرز ایوارڈ کی تقریب میں شرکت ان کی زندگی کا ایک اہم موقع ہے تاہم انہیں تقریب میں شرکت کیلئے نیویارک جانے سے روک دیاگیا ہے۔کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس کے ایشیا پروگرام کے کوآرڈینیٹر Beh Lih Yiنے جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں ایک بیان میں کہاہے کہ ثنا ارشاد متوکو درست سفری دستاویزات کے باوجود اہم ترین پلٹرز ایوارڈ وصول کرنے کیلئے نیویارک جانے بلاجواز طورپر روک دیاگیا ہے ۔ ثنا متو نے کہاکہ بھارتی حکام کا یہ فیصلہ جبری اور غیر منصفانہ ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی حکام کو فوری طور پر کشمیر کی صورتحال کو کور کرنے والے صحافیوں کوہراساں کرنے اورانہیں دھمکیاں دینے کا سلسلہ بند کرنا چاہیے۔انہوں نے ایک ٹویٹ میں کہاکہ انہیں بھارتی حکام نے رواں سال جولائی میں بھی پیرس جانے سے روک دیا گیا۔مودی حکومت کی طرف سے 5اگست 2019کومقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے بعد کشمیری صحافیوںکو بیرون ملک سفر کرنے سے روکا جارہاہے تاکہ وہ عالمی برادری کو مقبوضہ علاقے کی سنگین صورتحال سے آگاہ نہ کر سکیں