بھارت
کرناٹک: ہندو انتہا پسند تنظیموں نے حلال مصنوعات کے خلاف گھر گھر مہم شروع کر دی
بنگلورو21 اکتوبر (کے ایم ایس) بھارتی ریاست کرناٹک میں ہندو انتہاپسند تنظیموں نے حلال سرٹیفکیٹ کی حامل اشیاءکے بائیکاٹ کی گھر گھر مہم شروع کر دی ہے۔
یہ مہم ہندو جن جاگرتی سمیتی، سری رام سینا، راشٹرارکھشنا پاڑے اور وشوا ہندو سناتھن پریشدنے شروع کی ہے ۔مہم بنگلورو کے جیہ نگراور سونا گوڑی اسمبلی حلقوں سے شروع کی گئی ہے ۔
ہندو انتہا پسند تنظیموںکا کہنا ہے کہ ہوٹلوںکے مالکان، صنعتکاروں، دکان مالکان اور زرعی پیداوار مارکٹنگ کمیٹی کے تاجر وں سے ملاقات کی جائیں گی اور ان سے کہا جائے گا کہ وہ حلال سرٹیفکیٹ کی حامل اشیاءکا استعمال نہ کریں۔ انہوںنے الزام عائد کیاہے کہ اشیاءپر حلال سرٹیفکیٹ کی وجہ سے مسلمان معاشی برتری حاصل کر رہے ہیں۔ ہندو جاگرتی کمیٹی کے ریاستی ترجمان موہن گوڑا نے اعلان کیا کہ حلال کے خلاف ان کی مہم دیوالی کے اختتام تک جاری رہے گی۔