مقبوضہ کشمیر میں پوسٹر چسپاں، کشمیریوں سے27اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کی اپیل
سرینگر23اکتوبر(کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں سرینگر اور دیگر علاقوں میں پوسٹرچسپاں کیے گئے ہیں جن کے ذریعے لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ جموںوکشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں۔ 27اکتوبر 1947 کو بھارت نے سرینگر کے ہوائی اڈے پر فوج اتار کر جموںوکشمیر پر کشمیریوںکی مرضی کے خلاف قبضہ جما لیا تھا
دیواروں، عمارتوں اور بجلی کے کھمبوں پر چسپاں کیے گئے پوسٹروں میں کہا گیا ہے کہ کشمیری حق خودارادیت کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔جموں کشمیر ڈیموکریٹک موومنٹ اور وارثین شہدا کی جانب سے آویزاں کیے گئے پوسٹرز میں کہا گیا ہے کہ کشمیری غیر قانونی بھارتی قبضے کے خلاف جدوجہد آزادی جاری رکھنے کے پابند ہیں۔پوسٹروںمیں 27 اکتوبر 1947 کو جموں و کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن قرار دیا گیا ہے۔پوسٹروں میں بیرون ملک مقیم کشمیریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ بھارتی بی جے پی-آر ایس ایس حکومت کے ہندوتوا ایجنڈے کا ڈٹ کر مقالبہ کریں اور 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں.