5جنور ی کی قرارداد میں اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا کشمیریوں کا حق تسلیم کیاگیا ہے:غلام محمد صفی
مظفر آباد: کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے کہاہے کہ اقوام متحدہ نے 5 جنوری1949 کو ایک قرارداد منظورکی تھی جس میں عالمی ادارے کی زیر نگرانی آزادانہ اورغیر جانبدارانہ استصواب رائے کے ذریعے اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا کشمیریوں کا حق تسلیم کیاگیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق غلام محمد صفی نے مظفر آباد میں بارایسوسی ایشن سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اس سلسلے میں کل 5جنوری کو کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیر اہتمام شہید برہان مظفر وانی چوک میں ایک شاندار حق خودارادیت ریلی کا انعقاد کیا جارہا ہے ۔انہوں نے وکلاء سے اپیل کی کہ وہ اپنے تمام احباب سمیت اس ریلی میں بھرپور شرکت کرکے بھارت کو دوٹوک پیغام دیںکہ مقبوضہ جموں وکشمیرکے لوگ تنہا نہیں بلکہ آزادجموں و کشمیر کا ہر فرد اس تحریک کے پیچھے کھڑا ہے۔انہوں نے کہاکہ جب بھی استعماری قوتیں کسی علاقے پر قابض ہوتی ہیں تو وہ وہاں کے ذی عزت لوگوں کی تذلیل کرتی ہیں،خواتین کی عزتوں کو پامال ،بچوں کو قتل اور ان کے فصلوں کو برباد کرتی ہیں اور یہی کچھ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں کررہاہے۔بھارت نے ہمارے لاکھوں لوگوں کو شہید ،ہزاروں کو معذور اور پابند سلاسل کر رکھا ہے۔ حریت رہنما راجہ خادم حسین اورزاہد اشرف بھی غلام محمد صفی کے ہمراہ تھے ۔
دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادجموں وکشمیر شاخ کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے مظفرآباد میں واقع انبور مہاجر کیمپ کا دورہ کیا اور 5جنوری کو یوم حق خودارادیت کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لیا۔حریت وفد کی قیادت کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے جنرل سیکرٹری ایڈوکیٹ پرویز احمد کر رہے تھے جبکہ محمد اشرف ڈار، عبد الحمید لون، عبدالمجید میر، نذیر کرنائی اور شیخ عبدالماجدبھی وفد میں شامل تھے۔ مہاجرین کے نمائندوں نے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لیے اپنی مکمل حمایت اور فورم کے پروگراموں میںبھرپور شرکت کا یقین دلایا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ 5جنوری کو پوری دنیا کے سامنے کشمیری عوام کی جدوجہد اور قربانیوں کو اجاگر کیا جائے گا تاکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کی ضرورت پر زور دیا جا سکے۔حریت رہنماں نے اس موقع پر کہا کہ 5جنوری وہ تاریخی دن ہے جب اقوام متحدہ نے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کو تسلیم کیا تھا۔انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام کئی دہائیوں بعد آج بھی اپنے حق کے حصول کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں ۔