مقبوضہ جموں و کشمیر
سرینگر :انجمن اوقاف جامع مسجد کا میر واعظ عمر فاروق کی مسلسل نظر بندی پر اظہار تشویش
سرینگر 11نومبر ( کے ایم ایس ) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے اپنے سربراہ میرواعظ عمر فاروق کی مسلسل غیر قانونی نظر بندی پر گہری تشویش کا اظہارکرتے ہوئے انکی فوری رہائی کا اپنا مطالبہ دہرایا ہے۔
انجمن نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ میر واعظ عمر فاروق کو آج بھی نماز جمعہ کیلئے جامع مسجد جانے کی اجازت نہیں دی گئی جو انتہائی قابل مذمت ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ میر واعظ کی رہائی کیلئے ہر سطح پر آوازبلند ہو رہی ہے لیکن قابض انتظامیہ نے مسلسل بے حسی کا رویہ اپنا رکھا ہے۔ انجمن نے اپنے بیان میں کہا کہ میر واعظ کی گزشتہ تین برس سے زائد عرصے سے نظر بندی عوام کیلئے انتہائی دکھ اور تکلیف کا باعث ہے لہذا انتظامیہ انکی فوری رہائی عمل میں لائے تاکہ وہ اپنے دینی فرائض انجام دے سکے۔