بھارت اور پاکستان تنازعہ کشمیر کو حل کرنے کے لیے بامعنی مذاکرات شروع کریں:کل جماعتی حریت کانفرنس
سرینگر: کل جماعتی حریت کانفرنس نے جموں و کشمیر کے سیاسی مستقبل کے تعین کی خاطر حق خودارادیت کے جائز مطالبے کو موثر انداز سے آگے بڑھانے کے لیے کشمیریوں میں اتحاد واتفاق کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں تنازعہ کشمیر کو ایک سیاسی اور انسانی مسئلہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے آزادی پسند عوام نے 1947سے انصاف اور بھارتی تسلط سے آزادی کے مقدس مشن کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ایڈوکیٹ منہاس نے کہا کہ بھارت جموں و کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے دنیا کو گمراہ کر رہا ہے کیونکہ وہ فوجی طاقت اور ریاستی دہشت گردی سے اپنے غیر قانونی قبضے کو ہمیشہ کے لیے برقرار نہیں رکھ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ ایک تنازعہ ہے جسے جموں و کشمیر کے عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت ہے۔بیان میں کہاگیا کہ بدلتے ہوئے عالمی منظرنامے میں جنگ کوئی آپشن نہیں اور تمام تنازعات کو سفارت کاری اور بات چیت کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے تاکہ امن قائم ہو سکے۔ ایڈوکیٹ منہاس نے پاکستان اور بھارت پر زور دیا کہ وہ اچھے ہمسایوں کے طور پر امن و آشتی سے رہیں، لیکن اس کے لیے انہیں باہمی تنازعات خاص طور پرتنازعہ کشمیر کو حل کرنے کی ضرورت ہے جو 1947سے حل طلب ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں نام نہاد انتخابات جموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو متاثر نہیں کرسکتے جیسا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں بیان کیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارتی حکومت کی طرف سے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں غیر کشمیریوں کو ووٹنگ کا حق دینے سے صورتحال مزید پیچیدہ ہو جائے گی۔ لہذا جموں و کشمیر کے بنیادی مسئلے سمیت تمام تنازعات کے حل کے لیے پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکراتی عمل کا آغاز ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کو ان کے حقوق سے محروم کرنے کے لیے مختلف ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے اور حال ہی میں غیر ریاستی باشندوں کو ووٹ کا حق دے کر ان کے حقوق غصب کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ایڈوکیٹ منہاس نے کہاکہ بی جے پی کی ہندوتوا حکومت اس طرح کے اقدامات کرکے بین الاقوامی قوانین اور اپنے ہی آئین کی خلاف ورزی کررہی ہے تاکہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کیاجاسکے۔انہوں نے یقین دلایا کہ کشمیری بھارت کے مذموم عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور اپنی جدوجہد آزادی کو مکمل کامیابی تک جاری رکھیں گے۔انہوں نے بھارت اور پاکستان سے اپیل کی کہ وہ تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کے لیے بامعنی مذاکراتی عمل شروع کریں۔