اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کشمیریوں کو انکا حق خودارادیت دلانے کیلئے کردار ادا کرے
جنیوا 04 اکتوبر (کے ایم ایس)
پاکستان نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیریوں سمیت غیر قانونی تسلط سے آزادی کیلئے جدوجہد کرنے والی اقوام کو ان کا حق خودارادیت دلانے کیلئے اپنا اہم کردارادا کرے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے سفیر خلیل ہاشمی نے جنیوا میں 47رکنی انسانی حقوق میں ایک مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں انسانی حقوق کی صورتحال5اگست 2019کو بھارت کی طرف سے جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے بعد انتہائی سنگین ہو چکی ہے۔اس موقع پر ویانا کنونشن اورپروگرام آف ایکشن پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔سفیرخلیل ہاشمی نے کہاکہ غیر ملکی تسلط بنیادی حقوق اور آزادیوں کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔پاکستانی سفیرنے کہا کہ انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں ، بھارتی قبضہ اور مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کو بگاڑنے کی بھارت کی کوششیں اس بارے میں ایک واضح مثال ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں پر اپنا ظلم و تشدد بڑھا دیا ہے جو کہ بنیادی انسانی حقو ق، اقدار، اصولوں اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فورسز کھلے عام کشمیریوں کا قتل عام اور انکی املاک تباہ کر رہی ہیں۔ سفیر خلیل ہاشمی نے کہا کہ فوجی طاقت کے ذریعے ‘حتمی حل تھوپتے ہوئے بھارت کی ہندوتوا حکومت منظم طریقے سے کشمیری عوام کو ان کے سماجی و اقتصادی اور ثقافتی ترقی کے آزادانہ حق سے محروم کر رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کی زمینیں ، جائیدادیں اور قدرتی وسائل غیر کشمیری ہندوستانی اداروں کے حوالے کیے جا رہے ہیں اور بھارتی فوج کے لیے کشمیریوں کی زمینوں پر غیر قانونی قبضے کے لیے انتظامی قوانین میں ترامیم کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے کے طویل ترین فوجی محاصرے کی وجہ سے بڑھتی ہوئی بے روزگاری کے باوجود مقامی ملازمتیں غیر ملکی آباد کاروں کوفراہم کی جارہی ہیں۔بھارت نے مقبوضہ کشمیرمیں اردو اور کشمیری زبانوں کی حیثیت اور ان کی شناخت کو بھی تبدیل کر دیا ہے۔پاکستانی سفیر نے کہاکہ ان سامراجی اقدامات کا واحد مقصد کشمیریوںکی اکثریت کو اپنے ہی مادر وطن میں اقلیت میں تبدیل کرنااوران کو اپنے حق خودارادیت کے استعمال سے روکنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم ایک بار پھر بھارت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اگست 2019کے اپنے غیر قانونی اقدامات کو واپس لے اور بین الاقوامی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریوںکو پوراکرے ۔