بھدرواہ میں مٹی کے تودے گرنے سے خاتون ہلاک
بڈگام میں ٹرین کی زد میں آکر ایک شخص کی موت
جموں15نومبر(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جموں خطے کے ضلع بھدرواہ میں آج مٹی کے تودے گرنے سے ایک خاتون ہلاک ہو گئی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حکام نے بتایا کہ ضلع کے علاقے بٹلہ میں ایک قبائلی شخص وید کمار کا کچا مکان مٹی کے تودے کی زد میں آگیا۔ انہوں نے بتایا کہ وید کمار کی بیوی 40سالہ کرنا دیوی اور ان کے دو بیٹے 14سالہ مشل سنگھ اور10سالہ نکسن جریال گھر کے اندر پھنس جانے کے بعد زخمی ہوگئے۔ریسکیو آپریشن کے بعد انہیں نکال کر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں خاتون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔
دریں اثنا ء ضلع بڈگام میں ایک نامعلوم شخص چلتی ٹرین کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا۔حکام نے بتایا کہ یہ شخص آج صبح مازہامہ-بڈگام ریلوے اسٹیشن کے نزدیک ٹرین کی زدمیں آگیا جس کے نتیجے میں اس کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔