بھارتی فوج کا آزاد جموں وکشمیر کے بارے میں بیان من گھڑت ہے، ترجمان پاک فوج
راولپنڈی 24 نومبر (کے ایم ایس) پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار نے آزاد جموں وکشمیر کے بارے میں بھارتی فوج کے ایک اعلیٰ افسر کے بیان کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج خطے میں امن و استحکام کے لیے پرعزم اور ہر قسم کی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار نے آج اپنے ٹویٹ میں کہا کہ آزاد جموں و کشمیر سے متعلق بھارتی فوجی افسر کا بیان بے بنیاد ہے، آزاد کشمیر میں دہشتگردوں کے لانچ پیڈ کا دعویٰ من گھڑت ہے، یہ بیان بھارتی فوج کی پروپیگنڈا سوچ کا مظہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں حق خود ارادیت کی جدوجہد کچلنے میں مصروف ہے، بھارتی فوج بے گناہ اور نہتے کشمیریوں کے خلاف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے اس طرح کے بے بنیاد بیانات گھڑتی ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد اور عالمی قوانین کے تحت حق خودارادیت کشمیریوں کا بنیادی حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج غیر ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیان بازی سے گریز کرے۔