بھارت : آندھرا پردیش میں دسویں جماعت کی طالبہ اجتماعی عصمت دری کے بعد قتل
حیدرآباد03دسمبر(کے ایم ایس)بھارتی ریاست آندھرا پردیش میں ضلع محبوب نگرکے علاقے ترمل گیر میں میں دسویں جماعت کی ایک طالبہ کو اجتماعی عصمت دری کے بعد قتل کردیا گیا۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق طالبہ کے رشتہ داروں نے بتایا کہ جمعہ کی رات کوتین نوجوان مکان میں داخل ہوئے اور لڑکی کی اجتماعی عصمت دری کی اوربعد میں اسے قتل کردیا۔ انہوں نے کہاکہ نوجوانوں نے 16سالہ لڑکی کو قتل کرنے کے بعد اس کی لاش کو لٹکا دیا تاکہ واقعے کو خودکشی قراردیا جائے۔رشتہ داروں نے کہا کہ لڑکی کے والدین کسی کام سے باہر گئے تھے اور وہ گھر میں اکیلی تھی ۔علاقے کے لوگوں نے متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے ایک مشتبہ ملزم کے گھر پر حملہ کردیا اورایک کار اور بائیک کو نقصان پہنچایا۔ پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے ہسپتال منتقل کردیا ہے۔ پولیس نے کہاکہ کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔