آرایس ایس کے عہدیدار مسلمانوں کے مذہبی عقائد کو دانستہ طور پر ٹھیس پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں، مولانا مدنی

نئی دہلی:
جمعیت علماءہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی نے آر ایس ایس کے جنرل سکریٹری دتاتریہ ہوسابلے کے حالیہ بیان کی شدید مذمت کی ہے جس میں انہوںنے مسلمانوں کو سورج، دریاو¿ں اور درختوں کی پوجا کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مولانا مدنی نے ایک بیان کہا کہ بھارت میں ہندو اور مسلمان صدیوں سے ایک ساتھ رہ رہے ہیں ، مسلمان توحید، خدا کی وحدانیت پر یقین رکھتے ہیں اور وہ صرف ایک خدا کی عبادت کرتے ہیں ، یہ بات کسی بھی تعلیم یافتہ شخص کے لیے نہ تو مبہم ہے اور نہ ہی نامعلوم ہے۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ ہوسابلے اور آر ایس ایس کے دیگر عہدیدار مسلمانوں کے مذہبی عقائد کو دانستہ طور پر ٹھیس پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں۔
مولانا مدنی نے کہا کہ توحید اور رسالت کا عقیدہ اسلام کی بنیاد ہے۔ انہوں نے زوردیکر کہا کہ خدا کی عبادت سے کسی بھی قسم کے انحراف سے ایک مسلمان دائرہ اسلام سے خارج ہوجاتاہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ زمین، فطرت اور ماحول سے محبت اور ان کے تحفظ کی کوششیں مذہبی عبادت سے بالکل مختلف ہیں۔
انہوں نے باہمی احترام اور مکالمے کے ذریعے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لیے جمعیت کے عزم کا اعادہ کیا۔ مولانا مدنی نے متنبہ کیا کہ بنیادی مذہبی عقائد کو نظر انداز کرنا اس بقائے باہمی کو نقصان پہنچاسکتا ہے.






