پاکستان نے بھارت کو ایسا سبق سکھایا جو وہ ہمیشہ یاد رکھے گا: اسحق ڈار
لاہور: نائب وزیراعظم اوروزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان نے 9اور 10مئی کو بھارت کو ایساسبق سکھایا جو وہ ہمیشہ یاد رکھے گا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اسحق ڈار نے لاہور میں داتا دربار کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھارت کی جارحیت کے خلاف سرخرو ہوا، دنیا نے بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کے کردار کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف پاکستان کی کامیابی پر اللہ کے حضور سر بسجود ہیں۔اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت نے جنگ شروع کی تو اس کے 6طیارے مار گرائے، چھتیس گھنٹے میں اسی ڈرون بھیجے تو پاکستان نے انہیں سبق سکھایا، پاکستان کو بہت عزت و احترام اور کامیابی ملی۔ انہوں نے کہاکہ ایران پر مشکلات آئیں تو اسرائیل کی دہشت گردی کے خلاف اس کی سفارتی طور پر مدد کی، ایران نے تسلیم کرلیا سچا دوست پاکستان ہے۔ایرانی پارلیمنٹ میں بھی” تشکر پاکستان” کے نعرے لگے، شہدا ء کے جنازوں میں پاکستان کے پرچم لہرائے گئے۔








