ملیشیا کی اسلامی تنظیم کی بھارت میں مودی حکومت کیطرف سے ”پی ایف آئی “پر پابندی کی مذمت
کوالالمپور 11 جنوری (کے ایم ایس) مجلس پیرونڈنگن پرٹوبوہان اسلام ملیشیا (ملائیشیا کی اسلامی تنظیموں کی مشاورتی کونسل) نے بھارت میں نریندر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی طرف سے پاپولر فرنٹ آف انڈیا(پی ایف آئی) پر پابندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے تنظیم کے اسیر رہنماﺅں اور کارکنوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق تنظیم نے پی ایف آئی کے رہنما ای ابوبکر کی رہائی کا خاص طور پر ذکر کیا ہے جو کینسر کے مرض میں مبتلا ہیں۔کونسل کے صدر محمد اعظمی عبدالحمید نے نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں قید ابوبکر کی گرتی ہوئی صحت پر تشویش کا اظہار کیا ۔انہوں نے ایک پریس بیان میں کہا 70 سالہ مسلم رہنما کو علاج کا حق نہ دینا پریشان کن ہے اور ہمیں انکے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک پر تشویش ہے۔ محمد اعظمی عبدالمید نے کہا کہ ابو بکر کو مناسب طبی علاج حاصل کرنے کے بنیادی حق سے محروم نہیں کیا جانا چاہیے۔انہوںنے کہا کہ ہم پی ایف آئی اور اس کی ذیلی تنظیموں کیمپس فرنٹ آف انڈیا، ری ہیب انڈیا فاو¿نڈیشن، آل انڈیا امامس کونسل، نیشنل کنفیڈریشن آف ہیومن رائٹس آرگنائزیشنز، نیشنل ویمنس فرنٹ، جونیئر فرنٹ، ایمپاور انڈیا فاو¿نڈیشن اور ری ہیب فاو¿نڈیشن کیرالہ پر بھی بلاجواز پابندی کی مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ پی ایف آئی و دیگر جماعتوں پر دہشت گردی کی فنڈنگ کے الزامات محض سیاسی نوعیت کے ہیں اورہم بھارت کے تمام انصاف پسند لوگوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ متحد ہو کر اقلیتوں کے تحفظ اور ان کے جمہوری حقوق کو یقینی بنانے کا مطالبہ کریں۔