بھارتی یوم جمہوریہ کے موقع پر سخت پابندیوں کی وجہ سے کشمیریوں کی مشکلات میں اضافہ
سرینگر 25جنوری (کے ایم ایس)
26 جنوری کوبھارتی یوم جمہوریہ کے موقع پر بھارتی فوجیوں کی طرف سے نام نہادسیکورٹی اقدامات کے نام پر سرینگر شہر اورجموں وکشمیر کے دیگر حصوں میں تلاشیوں کا سلسلہ مزید تیز کردیا گیا ہے جسکی وجہ سے مظلوم کشمیریوں کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کشمیریوں کی نقل و حرکت پر نظررکھنے کیلئے بھارتی فوجیوں اورپولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد کو سرینگر اور دیگر شہروں اور قصبوں کے مختلف مقامات پرتعینات کیاگیا ہے ۔ فورسز اہلکاروں نے ہر سڑک پر چوکیاں قائم کی ہیں جہاں مسافروں اور راہگیروں کے علاوہ گاڑیوںکی بھی تلاشی لی جارہی ہے ۔ سرینگر کے علاقے سونہ وارمیں کرکٹ اسٹیڈیم کی طرف جانیوالی تمام سڑکوں کی خار دار تاریں لگا کر اور رکاوٹیں کھڑی کر کے ناکہ بندی کر دی گئی ہے جہاں بھارتی یوم جمہوریہ کی سرکاری تقریب منعقد ہو گی ۔ لوگوں کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھنے کیلئے کرکٹ اسٹیڈیم میں اور اسکے نواحی علاقے میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں ۔ اسٹیڈیم کے گرد سیکورٹی کے غیر معمولی اقدامات کئے گئے ہیں۔ سرینگر شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر گاڑیوں اور مسافروں کی تلاشیوں کاسلسلہ تیز کر دیا گیا ہے اور پولیس اہلکار شہر میں داخل ہونیوالی گاریوں کی اچانک گاڑیوں کی تلاشیاں بھی لے رہے ہیں ۔ مقبوضہ کشمیر کے دیگر علاقوں سے بھی اسی طرح کی خبریں موصول ہورہی ہے ۔مقبوضہ علاقے کئی حصار پر مشتمل سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں ۔ تمام سرکاری اور غیر سرکاری دفاترکے ملازمین اور سکولوں کے طلباء کو یوم جمہوریہ کی سرکاری تقریب میں شرکت کی سختی سے ہدایت کی گئی ہے ۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما غلام نبی وار، جموں و کشمیرلبریشن فرنٹ ،جموں و کشمیر سالویشن موومنٹ، جموں و کشمیر ینگ مینز لیگ اور جموں و کشمیرسٹوڈنٹس یوتھ فورم نے سرینگر میں اپنے الگ الگ بیانات میں کہا کہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں اپنا یوم جمہوریہ منانے کا کوئی حق حاصل نہیں ہے کیونکہ اس نے کشمیری عوام کی خواہشات کے خلاف جموں وکشمیر پر غیرقانونی طورپر قبضہ کر رہا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی ریاستی دہشت گردی کا فوری نوٹس لے اور بھارت کو کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دینے پر مجبور کرے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے رہنما زاہد اشرف نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کے یوم جمہوریہ کی تقریبات کو شرمناک اور آزاد عالمی برادری کی توہین قرار دیا کیونکہ اسے مقبوضہ کشمیرمیں ایک قابض کی حیثیت حاصل ہے ۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور مہذب دنیا پر زور دیا کہ وہ آگے آئیں اور بھارت کو اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں پر عملدرآمد کے ذریعے تنازعہ کشمیر کے حل کے اپنے وعدوں کو پورا کرنے پر مجبور کریں۔