مقبوضہ جموں وکشمیر میں شہیدافضل گورو اور شہیدمقبول بٹ کی برسیوں پرمکمل ہڑتال کی جائے گی
سرینگر07فروری(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ممتاز کشمیری رہنمائوں شہید محمد افضل گورو اور شہید محمد مقبول بٹ کی برسیوں کے موقع پر رواں ماہ کی 9اور 11تاریخ کو مکمل ہڑتال کی جائے گی۔
ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس اور جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ نے دی ہے اور تمام حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے اس کی حمایت کی ہے۔بھارت نے تحریک آزادی کشمیر میں کردار ادا کرنے پر محمد افضل گرو کو 9فروری 2013کو اور محمد مقبول بٹ کو 11فروری 1984کو نئی دہلی کی تہاڑ جیل میںپھانسی دی تھی۔ ان کی میتیںجیل کے احاطے میں ہی مدفون ہیں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں شہیدمحمد مقبول بٹ اور شہید محمد افضل گورو کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں شہدا ء نے تحریک آزادی کشمیر میں ایک نئی روح پھونک دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب مقبوضہ جموں و کشمیر کی نوجوان نسل آزادی کے عظیم مشن کو پوری قوت اور جانفشانی کے ساتھآگے بڑھانے کے لیے مصروف عمل ہے۔ترجمان نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں موجودانتہائی سنگین صورتحال کے پیش نظر تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنا ناگزیر ہو گیا ہے۔
دریں اثنا ء جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ نے ایک بیان میں محمد مقبول بٹ اور محمد افضل گورو کو خراج عقیدت پیش کیاہے۔لبریشن فرنٹ نے مقبوضہ جموں وکشمیر، آزاد جموں و کشمیر ، گلگت بلتستان اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دونوں رہنمائوں کے ایام شہادت پر بھارت کے خلاف اپنا احتجاج درج کرائیں۔ بیان میں بیرون ملک مقیم کشمیریوں پرزوردیاگیا ہے کہ وہ جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک سمیت مقبوضہ جموں وکشمیر اور بھارت کی مختلف جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بندتمام کشمیریوں کی فوری رہائی کے لیے اپنی آواز بلند کریں۔
ادھرمقبوضہ جموں وکشمیر کے مختلف علاقوں میں پوسٹرچسپاں کئے گئے ہیں ہیں جن میں لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ افضل گورو اور مقبول بٹ کی برسیوں کے موقع پر9اور 11فروری کو مکمل ہڑتال کریں گے۔ صدائے مظلوم جموں و کشمیر کی جانب سے مختلف علاقوںمیں چسپاں کیے گئے پوسٹروںمیں کہا گیا ہے کہ کشمیری افضل گورو، مقبول بٹ اور دیگر شہدا ء کے مشن کو ہر قیمت پر پورا کریں گے۔