بھارت نے پہلگام واقعے کو جواز بنا کر 2ہزار سے زائد کشمیریوں کو گرفتار کیا، عاصم افتخار
اقوام متحدہ: اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہاہے کہ بھارت نے پہلگام واقعے کو جواز بنا کر 2ہزار سے زائد کشمیریوں کو گرفتار کیا تاکہ ان کی حق خودارادیت کے حصول کی جائز جدوجہدکو کچلا جا سکے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق عاصم افتخار نے سلامتی کونسل میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں حالیہ برسوں میں ہزاروں نامعلوم اورگمنام قبریں دریافت ہوئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ تحقیقات سے واضح ہوتا ہے کہ بھارتی قابض افواج کشمیریوں کو پہلے اغوا کرتی ہیں، پھر انہیں اذیتیں دی جاتی ہیں اور بغیر کسی قانونی کارروائی کے جعلی مقابلے میں قتل کردیاجاتاہے ۔عاصم افتخار نے مزید کہا کہ تنازعات کی روک تھام اور پرامن تصفیہ کیلئے مقبوضہ کشمیر میں تمام اجتماعی قبروں کی آزاد اور غیرجانبدار تحقیقات کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے زور دیا کہ لاپتا افراد کے بحران سے نمٹنے کے لیے تنازعات کی روک تھام اور پرامن تصفیہ ناگزیر ہیں۔انہوں نے کہا کہ بارہا مطالبات کے باوجود مقبوضہ کشمیر میں لاپتا افراد کا مسئلہ مزید سنگین ہوتا جا رہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں جبری گمشدگیوں کا سلسلہ آٹھ دہائیوں سے جاری ہے ، جو مسئلہ کشمیر کی تلخ حقیقت ہے، لاپتا افراد صرف اعدادوشمار نہیں ہیں، یہ وہ کشمیری ہیں جو کبھی واپس نہ آئے۔ عاصم افتخار نے غزہ میں جاری انسانی سانحے کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلح تنازعات لاپتا افراد اور ان کے خاندانوں پر تباہ کن اثرات ڈالتے ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ اکتوبر2023 سے اب تک 14ہزار سے زائد فلسطینی لاپتا ہیں، جن میں سے اکثر فلسطینی تباہ شدہ گھروں کے ملبے تلے دفن ہیں۔








