نوئیڈا کے متعدد اسکولوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی موصول
امتحانات منسوخ ، شہر بھر میںخوف و ہراس پھیل گیا
نوئیڈا:
بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر نوئیڈا میں ایک درجن سے زیادہ اسکولوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی موصول ہونے کے بعد شہر بھر میں افراتفری اور خوف و ہراس پھیل گیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ای میل کے ذریعے موصول ہونے والی دھمکی ایک ایسے وقت پر دی گئی ہے جب مرکزی ثانوی تعلیمی بورڈ سی بی ایس ای کے سالانہ امتحانات جاری ہیں۔ امتحانی عمل کے دوران اس طرح کی اطلاع ملنے سے طلبہ، والدین اور اسکول انتظامیہ میں سخت تشویش کی لہر دوڑ گئی۔بھارتی میڈیا کے مطابق جمعرات کی صبح کئی نجی اسکولوں کی سرکاری ای میل آئی ڈی پر دھمکی آمیز پیغام بھیجا گیا، جس میں اسکول کی عمارتوں کو بم سے نشانہ بنانے کی دھمکی دی گئی تھی۔ اطلاع ملتے ہی فوری طور پر مقامی پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کیاگیا ۔ احتیاطی اقدام کے طور پر بعض اسکولوں میں طلبہ کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، جبکہ کچھ مقامات پر سخت سکیورٹی کے حصار میں امتحانات جاری رکھے گئے۔
واضح رہے کہ بھارت بھر میں سرکاری اداروں خصوصا اسکولوں کو بم سے اڑانے کی دھمکیاں موصول ہونے ایک معمول بن چکاہے ۔








