بھارت کی ہٹ دھرمی پر مبنی رویہ تنازعہ کشمیر کے پر امن حل میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے
اسلام آباد 24فروری (کے ایم ایس)
بھارت کی روایتی ہٹ دھرمی دیرینہ تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے آج جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت کی ہٹ دھرمی پر مبنی رویے کی وجہ سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں گزشتہ سات دہائیوں سے نہتے کشمیریوں کی خونریزی جاری ہے ۔بھارت کی ہٹ دھرمی پر مبنی غیر حقیقت پسندانہ رویے نے تنازعہ کشمیر کو ایک ایٹمی فلیش پوائنٹ میں تبدیل کر دیا ہے اور مقبوضہ کشمیر بھارت کے وحشیانہ قبضے کی ایک مثال ہے جہاں کئی دہائیوں سے بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں۔رپورٹ میں افسوس کا اظہار کیا گیا ہے کہ مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کشمیریوں کو ان کے عالمی طور پر تسلیم شدہ حق خودارادیت کے استعمال سے زبردستی انکار کر رہی ہے۔رپورٹ کے مطابق آر ایس ایس کی حمایت یافتہ بھارتی حکومت کی عسکری پالیسی کی وجہ سے جنوبی ایشیا کے امن و استحکام کوخطرہ لاحق ہے اور مودی حکومت کی طرف سے اقوام متحدہ کے چارٹر اورجموں وکشمیر کے بارے میں قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی عالمی برادری کے لیے ایک چیلنج ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ جنوبی ایشیاء کے خطے میں مستقل امن کے قیام کے لیے تنازعہ کشمیر کو حل کرے اور بھارت کو واضح طور پر کہا جائے کہ وہ تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے اقوام متحدہ میں کیے گئے اپنے وعدوں کو پورا کرے۔ عالمی طاقتوں کو مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غیر قانونی اقدامات کا نوٹس لینا چاہیے اور اقوام متحدہ کی کشمیر سے متعلق قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے سنجیدہ اور عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔رپورٹ میں مزیدکہا گیا کہ بھارت فوجی طاقت کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کرسکتا۔