جیلوں میں بند ہزاروں کشمیریوں کو فوری رہا کیا جانا چاہیے۔ التجا مفتی
بھارتی حکومت نے کشمیر کے بارے میں دوہرا معیار اپنا رکھاہے، رہنما پی ڈی پی
سرینگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی )کی رہنما التجا مفتی نے کہا ہے کہ اس وقت ہزاروں کشمیری مقبوضہ علاقے اور بھارت کی جیلوں میں بند ہیں جنہیں فوری طور پر رہا کیا جانا چاہیے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق التجا مفتی نے کپواڑہ میں ایک پروگرام سے خطاب کے دوران کہا کہ جیلوں میں بند اکثر کشمیری معالی طور پر انتہائی کمزور ہیں اور وہ اپنی قانونی چارہ جوئی کے متحمل بھی نہیں ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ان تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جانا چاہیے۔
انہوںنے کہا کہ بھارتی حکومت مقبوضہ جموں وکشمیر کے لوگوں کیساتھ بات سے مسلسل انکاری ہے جو افسوسناک ہے۔التجا مفتی نے استفسار کیا جب بھارتی حکومت ناگالینڈ اور پنجاب وغیرہ کے ساتھ بات چیت کر سکتی ہے تو کشمیر کے بارے میں دوہرا معیار کیوں ہے۔ انہوں عمر عبداللہ کی زیر قیادت مقبوضہ علاقے کی حکومت کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومت نوجوانوں کی توقعات پر پورا اترنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس حکومت نے 200 یونٹ مفتی بجلی، 12 مفت گیس سلنڈر اور ایک لاکھ ملازمتیںدینے کا وعدہ کیا تھا لیکن اب وہ اپنے تمام وعدے بھول چکی ہے۔التجا مفتی نے مزید کہاکہ پی ڈی پی کو 370 اور35 اے دفعات کی منسوخی کے خلاف آواز اٹھانے سے روکا جا رہا ہے اور جب ہم ا ن دفعات کی بحالی کے لیے احتجاج کی کوشش کرتے ہیں تو ہمیں اسکی اجازت نہیں دی جاتی۔








