جموں و کشمیر کبھی بھی بھارت کا حصہ نہیں تھا اور نہ کبھی ہوگا،پاکستان
پاکستان مندوب کا سلامتی کونسل میں بھارت کو دوٹوک جواب
نیویارک:
پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں واضح کیاہے کہ جموں و کشمیر کبھی بھی بھارت کا حصہ نہیں تھا اور نہ کبھی ہوگا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سلامتی کونسل میں قانون کی حکمرانی کے حوالے سے مباحثہ میں پاکستانی مندوب ذوالفقارعلی نے بھارتی نمائندے کے ریمارکس پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کبھی بھی بھارت کا حصہ نہیں رہا اور نہ ہی کبھی ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کیخلاف من گھڑت،بے بنیاد اور مضحکہ خیزالزامات عائد کرنا بھارت کا پرانا حربہ ہے،ان الزامات کا مقصد جموں وکشمیر پر بھارت کے غیرقانونی قبضے سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانا ہے۔ذوالفقارعلی نے کہا کہ اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیرایک متنازعہ علاقہ ہے، جس کا حتمی حل ابھی ہونا باقی ہے۔انہوںنے مزیدکہاکہ کشمیر کے تنازعے کو خود بھارت اقوام متحدہ میں لے کر آیا تھا۔ بھارت بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرنے سے مسلسل ہٹ دھرمی سے انکار کر رہا ہے، بھارت بین الاقوامی قانون،سلامتی کونسل کی قراردادوں کی مسلسل خلاف ورزی کا مرتکب ہورہاہے۔ پاکستانی مندوب نے کہاکہ یہ سلامتی کونسل کے تقدس کی توہین ہے جسکی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی جانی چاہیے۔ذوالفقار علی حق نے بھارت کی جانب سے خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوششوں پر بھی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا بھارت خطے میں دہشت گردی کی سرپرستی کا مرتکب ہورہا ہے اور اپنے کھوکھلے دعوئوں سے حقائق کو نہیں چھپا سکتا۔






