کشمیری خواتین بھارتی تسلط کی بھاری قیمت ادا کر رہی ہیں، مشعل ملک
اسلام آباد 08مارچ(کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیری رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے افسوس ظاہر کیا ہے کہ بھارت غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر نوجوان لڑکیوں سمیت کشمیری خواتین کو بدترین ریاستی دہشت گردی اور تشدد کانشانہ بنا رہا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ایک نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کی تازہ جارحیت کے نتیجے میں مقبوضہ کشمیرمیں خواتین کودرپیش مشکلات اورمصائب دوگنا ہو گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جنسی تشدد کے علاوہ کشمیری خواتین سفاک بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں نفسیاتی اور جسمانی تشددکابشانہ بھی بن رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں خواتین کے حالات روز بروزبد سے بدتر ہوتے جا رہے ہیں۔مشعال حسین نے کہا کہ خواتین کے عالمی دن کا مقصد کشمیری بیوائوں اورنصف بیوائوں کے دکھوں کے بارے میں شعور اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو کشمیری خواتین کو درپیش مشکلات کو نہیں فراموش کرنا چاہیے ۔انہوںنے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیری نصف بیوائوں کی حالت زار پر آواز اٹھائیں جن کے شوہروں کو بھارتی فوجیوں نے حراست کے دران لاپتہ کر دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہزاروں خواتین اپنے شوہروں، بھائیوں اور بیٹوں کو کھو چکی ہیں کیونکہ انہیں بھارتی فوجیوں نے شہید یا دوران لاپتہ کردیا ہے ۔