کشمیری عوام کی بے مثال قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا ، عزیر غزالی
مظفر آباد13مارچ(کے ایم ایس)
پاسبانِ حریت جموں و کشمیرکے چیئرمین عزیر احمد غزالی نے کہاہے کہ مودی کی فسطائی بھارتی حکومت غیر قانونی طورپر زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کشمیر عوام کے جذبہ حریت سے بوکھلاہٹ کاشکار ہو کر مقبوضہ علاقے نہتے شہریوں کو بدترین انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے۔
عزیر غزالی نے مظفر آباد میں جاری ایک بیان میں کہاکہ کشمیری عوام نے بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے گزشتہ 75برس سے کی اپنی لازوال جدوجہد کے دوران ثابت کیاہے کہ بھارت تمام تراستعماری اور وحشیانہ ہتھکنڈوں اور سازشوں کے ذریعے انہیں اپنے آزادی کے مطالبے سے دستبردار نہیں کر سکتا ۔انہوں نے کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو سلام پیش کرتے ہوئے کہاکہ کشمیریوں نے بھارتی تسلط کے خلاف اپنی بے مثال جدوجہد سے خود کو دنیا کی جرات مند اقوام کی صف میں لا کھڑا کیا ہے۔عزیراحمد غزالی نے کہا کہ 5اگست 2019کے بعد سے مودی حکومت نے مقبوضہ علاقے جو بھی سامراجی اقدامات کشمیری عوام پر مسلط کئے ہیںاسے ان کا وجواب دینا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام نے بھارتی قبضے سے آزادی کیلئے لاکھوں جانوں کانذرانہ پیش کیا ہے اور بھارتی ظلم و استبداد میں صعوبتیں برداشت کیں ۔انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام کی لازوال قربانیاں اور جدوجہد بھارتی ظالم سامراج کو جموں وکشمیر سے انخلا پر مجبور کردیں گی۔پاسبانِ حریت کے چیئرمین نے کہاکہ کشمیری عوام آر ایس ایس اور مودی حکومت کو اپنی ریاست میں ہندوتوا کا سیاہ منصوبہ مسلط کرنے کی کبھی اجازت نہیں دیں گے۔ انکا مزیدکہنا تھا کہ کشمیری عوام بھارتی قبضے سے آزادی تک اپنی جدوجہد کو جاری رکھیں گے۔