عالمی برادری تنازعہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے کردار ادا کرے ، فیصل ممتاز راٹھور
اسلام آباد:
وزیراعظم آزادجموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ تنازعہ کشمیر کے حوالے سے اپنی اخلاقی اور قانونی ذمہ داریاں پوری کرے اور دیرینہ تنازعہ کے منصفانہ حل کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فیصل ممتاز راٹھور نے 26جنوری کو بھارتی یوم جمہوریہ کو منائے جانیوالے یوم سیاہ کے موقع پر اپنے خصوصی بیان میں کہاہے کہ 26جنوری کو بھارت کا یومِ جمہوریہ کشمیری عوام کے لیے یومِ سیاہ کی حیثیت رکھتا ہے۔اس دن کو کشمیری عوام اپنی مادر وطن پر بھارت کے ناجائز قبضے کے خلاف احتجاج کے طور پر یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلسل ظلم وجبر، غیر جمہوری اقدامات اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں نافذ کالے قوانین اورسخت پابندیاں جمہوری اقدار کی نفی کرتی ہیں۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے 5اگست 2019 جب مودی حکومت نے جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت منسوخ کر دی تھی کے بعد کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس یکطرفہ اور غیر قانونی اقدام کے نتیجے میں مقبوضہ کشمیر میں فوجی محاصرہ مزید سخت ہوا اور شہری آزادیوں پر غیر معمولی قدغنیں عائد کی گئیں تاہم مودی حکومت کی ہندوتوا پالیسی بھی کشمیری عوام کے غیر متزلزل عزم و استقامت کو کمزور نہ کر سکی۔انہوں نے مزیدکہا کہ کشمیری اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنے بنیادی حق خودارادیت کا مطالبہ کر رہے ہیں اور اس مقصد کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیریوں سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے موثر کردار ادا کرے۔







