گوا:غیر ملکی خاتون سیاح کو جنسی طورپر ہراسگی کا سامنا
نئی دلی 31مارچ(کے ایم ایس)
بھارتی ریاست گوا میں ہوٹل کے عملے کی طرف سے ایک غیر ملکی خاتون سیاح کو جنسی طورپر حراساں کیا ۔ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران گوامیں غیر ملکی سیاح پر حملے کا یہ دوسرا واقعہ ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ریاست اتراکھنڈ سے تعلق رکھنے والے 27سالہ ابھیشیک ورما نے جو گوا کے ایک ریزورٹ میں بارٹینڈر کے طور پر کام کرتا ہے ہالینڈ کی خاتون سیاح کو اکیلا پاکر اس سے بدتمیزی کی اور اسے ہراساں کیا۔گوا کے سپرنٹنڈنٹ پولیس ندھین والسن نے میڈیا کو بتایا کہ خاتون سیاح کی شکایت پر ابھیشیک کو گرفتار کرلیاگیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بدھ کی شب ملزم خاتون کے کرائے کے خیمے میں گھس گیا اور اسے جنسی طورپر ہراساں کیا اور دھمکی دی۔ مدد کے لیے پکارنے پر ایک مقامی شخص اسے بچانے کیلئے آیا جس پر ملزم وہاں سے فرار ہو گیا ۔تاہم وہ چاقو لے کر واپس آیا اور مقامی شخص پر چاقو سے حملہ کیا اور سیاح پر بھی چاقو سے حملہ کیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔غیر ملکی سیاح اور مقامی شخض کو ہسپتال منتقل کردیاگیا ہے جبکہ حملہ آور کے خلاف تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔اس سے قبل 25مارچ کو بھی شمالی گوا کے ایک ہوٹل میں ویٹر اور الیکٹریشن کاکام کرنے والے دوافراد نے ایک روسی شہری پر حملہ کرکے اسے لوٹنے کی کوشش کی تھی ۔