اترپردیشن :اونچی ذات کے ہندوئوں کا دلت برادری کے باراتیوں پر حملہ ، متعددافراد زخمی

لکھنو:ہندوتوا بی جے پی کی زیر حکمرانی ریاست اتر پردیش میں اونچی ذات کے ہندوئوں کے ایک مسلح گروپ نے دلت برادری کے باراتیوں پر حملہ کر کے متعدد افراد کو زخمی کر دیاہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ واقعہ ریاست کے ضلع علی گڑھ کے گائوں سنانہ میں پیش آیا۔ اطلاعات کے مطابق ٹھاکر برادری سے تعلق رکھنے والے مسلح ہندئوں نے دلت برادری کے باراتیوں پر حملہ کیا اورانہیں وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔دولہے انیش کمار کے والد پون کمار نے میدیا کو بتایاہے کہ حملہ آور آتشیں ہتھیاروں ، تلواروں، لاٹھیوں اور لوہے کی سلاخوں سے لیس تھے۔ حملہ آوروں نے باراتیوں کووحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا اور توہین آمیز جملے کہے۔متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے نہ صرف بارات پر دھاوا بولا بلکہ فضائی فائرنگ بھی کی اور دولہے سے قیمتی سامان بھی چھین لیا۔ خاندان کے مطابق حملے میں دولہے سمیت کئی باراتی زخمی ہوگئے۔متاثرہ خاندان کا مزید کہناتھا کہ انہوں نے ہندوتوا بلوائیوں کے حملے کے خطرے کے پیش نظر پہلے ہی مقامی پولیس سے سکیورٹی کی درخواست کی تھی، تاہم واقعے کے وقت پولیس اہلکار موجود نہیں تھے۔ پون کمار کے مطابق پولیس نے اس افسوسناک واقعے کی شکایت تاحال باضابطہ طور پر درج نہیں کی ہے۔متاثرین نے اس واقعے کو ذات پات پر مبنی تشدد قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ انتظامیہ دلت برادری کو مناسب تحفظ فراہم کرنے میں مسلسل ناکام رہی ہے۔






