راولاکوٹ:سول سوسائٹی کے وفد کی طرف سے اقوام متحدہ کے مبصرین کو یادداشت پیش
راولاکوٹ:
راولاکوٹ میں یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر سول سوسائٹی کا نمائندہ نے وفد بلال شکیل ایڈوکیٹ کی قیادت میں اقوام متحدہ کے مبصرین کو ایک یادداشت پیش کی ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق وفد میں غازی ملت پریس کلب کی جانب سے جنرل سیکرٹری سردار ظفر نذیر، تاجر رہنمائوں حاجی اعجاز حنیف ،تنویر خالق، نائب صدر پریس کلب تسنیم شوکت اور دیگر شامل تھے۔ یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے مختلف سیاسی، سماجی اور عوامی تنظیموں کی جانب سے یونائیٹڈ نیشنز کے مبصرین کو ایک متفقہ یادداشت پیش کی گئی۔ یادداشت میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔یادداشت میں کہا گیا ہے کہ بھارتی افواج کی جانب سے نہتے کشمیریوں پر مظالم، ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیاں، اظہارِ رائے پر پابندیاں اور آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی سازشیں بین الاقوامی قوانین اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ یادداشت میں یہ مطالبہ کیا گیاکہ اقوامِ متحدہ اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائے اور کشمیری عوام کو ان کا تسلیم شدہ حق خودارادیت دلانے کے لیے فوری کردار ادا کیا جائے ۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے مقررین نے واضح کیا کہ یومِ یکجہتی کشمیر منانے کا مقصد دنیا کی توجہ ایک بار پھر مسئلہ کشمیر کی جانب مبذول کروانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کو دبایا نہیں جا سکتا اور پاکستان سمیت دنیا بھر کے امن پسند لوگ ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔یادداشت میں اقوامِ متحدہ سے اپیل کی گئی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی آزادانہ تحقیقات کے لیے فیکٹ فائنڈنگ مشن بھیجے، سیاسی قیدیوں کو رہا کروائے اور کشمیری قیادت پر عائد پابندیاں ختم کرانے میں اپنا موثر کردار ادا کرے۔ آخر میں شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت ہر سطح پر جاری رکھی جائے گی۔








