یومِ دفاع پاکستان کی مناسبت سے وادی لیپہ میں شاندار ریلی کا انعقاد
مظفر آباد: کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادجموں وکشمیر شاخ نے یومِ دفاع پاکستان کی مناسبت سے آزاد جموں وکشمیر کی وادی لیپہ میں ایک شاندار ریلی کا انعقاد کیا جس کی قیادت کنوینر غلام محمد صفی نے کی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ریلی میں حریت قیادت، آزاد کشمیر کی سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنمائوں، تمام مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد اور طلبا ء کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے شہدائے پاکستان اور غازیانِ افواجِ پاکستان کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کنوینر غلام محمد صفی نے کہا کہ 6ستمبر 1965 کی شب بھارت نے بزدلانہ انداز میں رات کی تاریکی میں پاکستان پر حملہ کر کے تاریخ کی ایک سیاہ مثال قائم کی۔ تاہم افواجِ پاکستان کے جری اور بہادر سپوتوں اور پاکستانی عوام نے اتحاد و یکجہتی کے ساتھ دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ یہ دن اس بات کی یاد دہانی ہے کہ پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت پر مامور افواج ہر قربانی دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنے پاکستانی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور افواجِ پاکستان کی عظیم قربانیوں کو اپنا سرمایہ افتخار سمجھتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ شہدا ء کی جانفشانی اور غازیان کی لازوال قربانیاں اس حقیقت کا ثبوت ہیں کہ پاکستان کی بنیاد اسلام کے نظریے پر رکھی گئی تھی اور یہ ملک تاقیامت محفوظ و قائم و دائم رہے گا۔حریت قیادت نے اس موقع پر واضح کیا کہ کشمیر اور پاکستان ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم ہیں۔ پاکستانی عوام اور افواجِ پاکستان نے ہر دور میں کشمیری عوام کی حمایت کی ہے اور کشمیری عوام اپنے خون کے آخری قطرے تک پاکستان کے ساتھ وابستگی قائم رکھیں گے۔ ریلی کے آخر میں شہدائے پاکستان، غازیانِ پاکستان اور تحریکِ آزادی کشمیر کے شہدا ء کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا کی گئی اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ کشمیری عوام اپنی جدوجہد کو ہر قیمت پر جاری رکھیں گے تاکہ قربانیوں کا یہ تسلسل ایک دن اپنی منزلِ مقصود، آزادی کشمیر اور تکمیلِ پاکستان پر منتج ہو سکے۔ریلی میں پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما شوکت جاوید ، حریت رہنما چوہدری شاہین اقبال ،زاہد صفی،زاہد اشرف ،عبدالمجید میر،مشتاق الاسلام ،تنظیر اقبال اور دیگر افراد نے شرکت کی۔






